[]
ترواننت پورم: وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کے پہلے انسانی خلائی پرواز پروگرام گگنیان مشن کی پیشرفت کا منگل کو جائزہ لیا اور چار نامزد خلابازوں کے ناموں کا اعلان کیا۔
مودی نے یہاں وکرم سارا بھائی خلائی مرکز (وی ایس ایس سی) کا دورہ کیا اور تقریباً 1800 کروڑ روپے کے خلائی بنیادی ڈھانچے کے تین اہم منصوبوں کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر انہوں نے نامزد چار خلابازوں کو ’خلاباز پنکھ‘عطا کیے۔ ان میں گروپ کیپٹن پرشانتھ بالاکرشنن نائر، گروپ کیپٹن اجیت کرشنن، گروپ کیپٹن انگد پرتاپ اور وِنگ کمانڈر شوبھانشو شکلا شامل ہیں۔
وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہر ملک کے ترقی کے سفر کے اپنے خاص لمحات ہوتے ہیں، جو نہ صرف موجودہ، بلکہ آنے والی نسلوں کو متعین کرتے ہیں۔
آج ہندوستان کے لیے ایک ایسا موقع ہے، جب موجودہ نسل زمین، ہوا ، پانی اور خلاء میں ملک کی تاریخی حصولیابیوں پر فخر کر سکتی ہے۔ ہندوستان عالمی نظام میں اپنی جگہ کو مسلسل بڑھا رہا ہے اور اس کی جھلک ملک کے خلائی پروگرام میں دیکھی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج شیو شکتی پوائنٹ پوری دنیا کو ہندوستانی صلاحیتوں سے متعارف کرا رہا ہے۔ انہوں نے گگن یان کے چار مسافروں کے تعارف کو ایک تاریخی موقع قرار دیا اور کہا یہ صرف چار نام یا افراد نہیں ہیں، بلکہ وہ 140 کروڑ ہندوستانیوں کی اُمنگوں کو خلاء میں لے جانے والی چار’شکتیاں‘ ہیں۔‘‘ 40 سال بعد کوئی ہندوستانی خلا میں جا رہا ہے۔
تاہم، اب وقت الٹی گنتی کے ساتھ ساتھ راکٹ بھی ہمارا ہے۔ انہوں نے نامزد خلابازوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے نام ہندوستان کی کامیابی کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں اور وہ آج کے ہندوستان کے اعتماد، ہمت، بہادری اور نظم و ضبط کی علامت ہیں۔
انہوں نے تربیت کے تئیں ان کے لگن اور جذبے کی تعریف کی اور کہا کہ وہ ہندوستان کی امرت نسل کے نمائندے ہیں جو کبھی ہمت نہیں ہارتے اور تمام مشکلات کو چیلنج کرنے کے لیے اپنی طاقت کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
گگنیان مشن کے لیے صحت مند جسم اور صحت مند دماغ کی ضرورت کو اُجاگر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے تربیتی ماڈیول کے حصے کے طور پر یوگا کے کردار کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا’’ملک کی نیک تمنائیں اورآشیرواد آپ کے ساتھ ہیں۔‘‘ انہوں نے نامزد خلابازوں اور ان کے خاندانوں سے تعاون کی اپیل کی تاکہ وہ بغیر پریشان ہوئے اپنے تربیت کو جاری رکھ سکیں۔
انہوں نےاس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ گگن یان کے بیشتر آلات کو زیادہ تر ہندوستان میں ہی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے ہندوستان کے دنیا کی چوٹی کی3 معیشتوں میں سے ایک معیشت بننے کے ساتھ ہی گگن یان کی تیاری کے خوشگوار اتفاق کا ذکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ جو پروجیکٹ آج وقف کئے گئے ہیں، وہ نئی ملازمتوں کا باعث بنیں گے اور ہندوستان کی شبیہ کو بہتر کریں گے۔ ہندوستان کے خلائی پروگرام میں ناری شکتی کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ’’چاہے وہ چندریان ہو یا گگن یان، خواتین سائنسدانوں کے بغیر ایسے کسی پروجیکٹ کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ اِسرو میں500 سے زیادہ خواتین قیادت کے عہدوں پر ہیں۔