قاتل ریلوے کانسٹیبل گرم مزاج شخص: انسپکٹر جنرل آر پی ایف ویسٹرن ریلوے پروین سنہا

[]

ممبئی: جے پور-ممبئی سنٹرل سوپر فاسٹ ایکسپریس ٹرین میں پیر کی صبح تین مسلم مسافروں اور ریلوے پولیس فورس (آر پی ایف) کے ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر ٹیکا رام مینا کو گولی مار کر ہلاک کرنے والا آر پی ایف کانسٹیبل چیتن سنگھ مشتعل اور گرم مزاج کا حامل شخص ہے۔

آر پی ای ایف (ویسٹرن ریلوے) کے انسپکٹر پروین سنہا نے یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ ’’وہ غصہ ور ہے۔ وہ جلد ہی ناراض ہو جاتا ہے۔ کوئی جھگڑا نہیں ہوا تھا۔ اس نے اپنا آپا کھو دیا اور اپنے سینئر کو گولی مار دی۔ اس کے بعد اس نے دوسرے لوگوں پر بھی گولی چلائی‘‘۔

انہوں نے بتایا کہ وہ حال ہی میں چھٹی سے واپس لوٹا تھا۔ کانسٹیبل گزشتہ 12 برسوں سے سروس میں ہے۔ چیتن سنگھ کو 2009 میں ہمدردی کی بنیاد پر لوئر پریل ورکشاپ میں تعینات کیا گیا تھا۔

دریں اثنا ملزم کو ریلوے عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے اسے ایک ہفتے کے لئے پولیس حراست میں بھیج دیا گیا۔

متوفی آر پی ایف اے ایس آئی ٹیکا رام کے لواحقین کو ریلوے سیفٹی ویلفیئر فنڈ سے 25 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ان کی آخری رسومات کے لئے 20 ہزار روپے دیئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ 15 لاکھ روپے ڈیتھ کم ریٹائرمنٹ گریجویٹی (ڈی سی آر جی) کے طور پر دیئے جائیں گے۔

ان کے رشتہ داروں کو جنرل انشورنس اسکیم (جی آئی ایس) کے تحت 65 ہزار روپے ملیں گے۔ اس کے علاوہ 5.93 لاکھ روپے چھٹی کی رقم کے طور پر دیئے جائیں گے۔

دوسری طرف تین مہلوک مسلم مسافرین کے خاندانوں کے لئے ہنوز کوئی معاوضہ یا ایکس گریشیا کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *