ایشوریا رائے سے متعلق بیان پر راہول گاندھی کو تنقید کا سامنا (ویڈیو)

[]

نئی دہلی:راہول گاندھی نے ریاست اتر پردیش کے پریاگ راج میں اپنے حالیہ عوامی خطاب میں 22 جنوری کو ایودھیا میں رام مندر میں منعقدہ پران پرتیشتھا پروگرام کو لے کر بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

راہول گاندھی نے طنزیہ انداز میں کہا کہ رام مندر کی افتتاحی تقریب کی صدارت وزیراعظم نریندر مودی صاحب نے کی تھی جس میں صرف ارب پتی اور مشہور شخصیات نے شرکت کی تھی۔میں نے اس تقریب میں کوئی کسان، کوئی مزدور، کوئی عام آدمی نہیں دیکھا لیکن امیتابھ بچن اور ایشوریا رائے جیسے لوگوں کو ضرور دیکھا۔

کانگریس لیڈر کا کہنا تھا کہ ہمارا میڈیا صرف ایشوریا رائے کو ناچتے ہوئے دکھاتا ہے، غریب لوگوں کے بارے میں کچھ نہیں دکھاتا بلکہ ہمارے میڈیا پر 24 گھنٹے نریندر مودی اور امیتابھ بچن کو دکھایا جاتا ہے۔ راہول گاندھی کے اس بیان کے بعد سے اُنہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

گلوکارہ سونا مہاپاترا نے بالی ووڈ اداکارہ ایشوریا رائے سے متعلق بیان پر کانگریس لیڈر راہول گاندھی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ گلوکارہ سونا مہاپاترا نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ سیاستدان اپنی تقاریر میں خواتین کی بےحرمتی کیوں کرتے ہیں؟ وہ خواتین کی ساکھ کو نقصان پہنچا کر کیا حاصل کرنا چاہتے ہیں؟

گلوکارہ نے کہا کہ پیارے راہول گاندھی! مجھے یقین ہے کہ ماضی میں کسی نے آپ کی اپنی ماں (سونیا گاندھی) اور بہن (پریانکا گاندھی) کی بھی اسی طرح توہین کی ہوگی جیسے آج آپ دوسری خواتین کی توہین کررہے ہیں۔ سونا مہاپاترا نے مزید کہا کہ آپ چاہے کچھ بھی بولیں، ایشوریا رائے بہت خوبصورت ڈانس کرتی ہیں۔

واضح رہے کہ رام مندر کی افتتاحی تقریب میں ایشوریا رائے نے شرکت نہیں کی تھی بلکہ اس تقریب میں امیتابھ بچن اور اُن کے بیٹے ابھیشیک بچن نے شرکت کی تھی۔





[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *