[]
نظام آباد:21/فروری (اُردو لیکس)حج سوسائٹی نظام آباد کا ایک اہم مشاورتی اجلاس سوسائٹی کے دفتر واقع تبارک ہائی اسکول کامپلکس پر منعقد ہوا۔ شیخ اسماعیل عارفی صدر سوسائٹی نے اجلاس کی صدارت فرمائی اور انہی کی تلاوت کلام پاک سے اجلاس کا انعقاد عمل میں آیا جنرل سکریٹری محمد نصیر الدین نے اپنے تعارفی کلمات میں اس بات کا اظہار کیا کہ الحمدللہ گذشتہ 28سال سے یہ سوسائٹی عازمین حج کی بے لوث اور مخلصانہ خدمت انجام دیتی آرہی ہے۔ 1997ء میں حضرت مولانا عطاء الرحمن صاحب جامعی و قاسمی صدر جمعیۃ العلماء نظام آباد و خطیب امام جامع مسجد کی صدارت میں ایک ایسے وقت اس سوسائٹی کا قیام عمل میں آیا جب متحدہ آندھراپردیش بلکہ پورے ملک میں عازمین حج کی رہنمائی اور تربیت کا کوئی نظم موجود نہیں تھا۔ حضرت مولانا سید ولی اللہ قاسمی ناظم مدرسہ مظہر العلوم، محمد اظہر فاروقی نائب صدور اور محمد نصیر الدین کو جنرل سکریٹری نامزد کیا گیا تھا ساتھ ہی کئی عہدہ داراور اراکین بھی اس میں شامل کئے گئے۔ اللہ کا فضل و کرم رہا کہ اس سوسائٹی کے عہدہ داران اور اراکین نے عازمین حج کی مفت رہنمائی اور تربیت کیلئے ہر سال حج کی درخواستوں کی خانہ پری، ڈرافٹ کی تیاری، ان کے ادخال سے لیکر ہر سال کئی ایک تربیتی اجتماعات کے ذریعہ عازمین کی رہنمائی و تربیت کا کام انجام دیتی رہی۔ 2005ء میں مولانا عطاء الرحمن کے انتقال فرمانے کے بعد یہ ذمہ داری مولانا سید ولی اللہ قاسمی خطیب امام مکہ مسجداحمد پورہ نظام آباد نے بخوبی نبھائی۔ اور خدمت کا یہ سلسلہ اور بہتر اندا ز میں جاری رہا۔ کوویڈ کے دوران حضرت مولانا کی رحلت کے بعد موجودہ صدر مولانا شیخ اسماعیل عارفی امام وخطیب یہ ذمہ داری نبھارہے ہیں۔ حج 2024ء کے اعلان کے ساتھ ہی 4/ڈسمبر 2023ء سے ہی آن لائن درخواستوں کا آغاز ہوا۔ اور سوسائٹی نے الحمدللہ سینکڑوں عازمین حج کی مفت رہنمائی کا کام انجام دیا جبکہ دیگر دستاویزات کی تیاری میں ان کی مدد کی۔ خصوصی میڈیکل فٹنس سرٹیفکٹ کیلئے سٹی ہاسپٹل نظام آباد سے رابطہ قائم کیا جس پر ہاسپٹل کے انتظامیہ نے ایکسرے، بلڈ ٹسٹ، ای سی جی، وغیرہ تمام ٹسٹ مفت انجام دئیے۔ نظام آبادحج سوسائٹی اس خدمت کیلئے خصوصاً عبدالحمیداڈمنسٹریٹو آفیسر سٹی ملٹی اسپیشالیٹی ہاسپٹل اور جناب سعداللہ صاحب کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہے۔ جناب محمد نصیر الدین نے مزید کہا کہ اس سال درخواستوں اور پاسپورٹ وغیرہ دیگر دستاویزات کی حج کمیٹی تلنگانہ میں ادخال کے بعد اب سوسائٹی کے سامنے تربیتی اجتماعات کے ذریعہ عازمین حج 2024ء کی رہنمائی اور تربیت کا کام باقی ہے۔ ان شاء اللہ حسب روایت مشہور علماء کرام ان تربیتی اجتماعات کو مخاطب کریں گے۔عازمین حج کے گھر سے نکل کر گھر واپسی تک کے تمام اُمور سوسائٹی کی رہنمائی میں انجام دئیے جائیں گے۔ انہوں نے اپنے تمام اراکین و معاونین کا شکریہ ادا کیا اور اُن کے مخلصانہ تعاون کے نتیجہ میں یہ سارے اُمور تکمیل پارہے ہیں۔ اس اجلاس میں مولانا سید سمیع اللہ خطیب و امام مکہ مسجد و صدر جمعیۃ علماء نظام آباد، محمد اظہر فاروقی، محمد افضل الدین، الطاف خان، عظمت اللہ خان، محمد اسماعیل، محمد صابر، عبدالمنان، عبداللہ، عبدالسلیم، محمد اکرام، محمد صدیق، محمد مظہر، محمد عبدالحمید، محمد عبدالقدیر، حامد علی، عبدالعزیز، ناصر شریف، قمر، خلیل الرحمن، آصف خان و دیگر موجود تھے۔ سید سمیع اللہ صدر جمعیۃ علماء نظام آباد نے دعاء فرمائی۔