[]
حیدرآباد: تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن نے پیر کے روزسابق اعلامیہ کومنسوخ کرنے کے بعد جملہ 563جائیدادوں پرتقررات کے لئے گروپ Iکا نیااعلامیہ جاری کیاہے۔
نئے اعلامیہ کے مطابق کوالیفائی امیدواروں سے بذریعہ آن لائن درخواستیں طلب کی گئی ہیں‘ فام کا نمونہ کمیشن کے ویب سائٹ پردستیاب ہے۔ گروپIسرویس زمرہ کے تحت مختلف جائیدادوں کے لئے 23 فروری سے 14 مارچ تک بذریعہ آن لائن درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں۔
قبل ازیں آج تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن نے گروپ Iکی503 مختلف جائیدادوں پرتقررات کے لئے 26 اپریل 2022 کوجاری کردہ اعلامیہ کومنسوخ کردیا۔کمیشن نے کافی غور وخوض کے بعد اورامیدواروں کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے 26 اپریل 2022کوجاری کردہ گروپ I کے اعلامیہ کومنسوخ کردیا۔
اس اعلامیہ کے تحت 503 جائیدادوں پر تقررات کیلئے امیدواروں سے درخواستیں طلب کی گئی تھیں۔تقریباً 3.50 لاکھ امیدواروں نے درخواستیں داخل کی تھیں تاہم 2.80 لاکھ امیدوار پریلمس امتحان میں شریک تھے لیکن نتائج کے بعد پیپر لیک کا واقعہ سامنے آنے کے بعد اس امتحان کومنسوخ کردیاگیاتھا۔
بعدازاں کمیشن نے جون 2023 کو گروپ Iکا امتحان منعقد کیاگیاتھا مگر بیشتر امیدواروں نے ہائی کورٹ سے رجوع ہوئے اس بات کی شکایت کی کہ امتحان کے انعقادمیں قواعدوضوابط کوملحوظ نہیں رکھا گیا۔ دلائل کی سماعت کے بعد عدالت نے امتحان کو منسوخ کرنے کا حکم دیاتھا۔