بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان مسلم لیگ نواز کی پیشکش ٹھکرادی

[]

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی(پی پی پی) کے صدرنشین بلاول بھٹو زرداری نے بتایا ہے کہ انہوں نے ان کی اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی جماعتوں کے درمیان باری باری وزارت ِ عظمیٰ کے اقتدار میں شرکت کے فارمولہ کو مسترد کردیا ہے کیونکہ وہ عوام کے خط ِ اعتماد کے بغیر یہ اعلیٰ عہدہ سنبھالنا نہیں چاہتے۔

35 سالہ سابق وزیر خارجہ‘ پی پی پی کے امیدوار ِ وزارت ِ عظمیٰ تھے تاہم 8 فروری کے الیکشن میں ان کی پارٹی کو قومی اسمبلی (پاکستانی پارلیمنٹ) میں 54 نشستیں ملیں۔

ان کی جماعت‘ جیل میں بند سابق وزیراعظم عمران خان کی پاکستان تحریک ِ انصاف(پی ٹی آئی) کے تائیدی 90 آزاد ارکان اور نواز شریف کی پاکستان مسلم لیگ نواز(پی ایم ایل این) سے پیچھے رہ گئی۔ حکومت بنانے کے لئے پاکستان کی 266 رکنی قومی اسمبلی میں 133 نشستیں جیتنا ضروری ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ نواز میں کئی میٹنگس کے باوجود پاور شیئرنگ فارمولہ پر اتفاق ِ رائے نہ ہوسکا۔ صوبہ سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی کی انتخابی جیت کا جشن منانے ٹھٹّہ میں یوم ِ تشکر ریالی سے خطاب میں انہو ں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نے مجھ سے کہا کہ ہمیں 3 سال وزیراعظم بننے دیں اور بعد کے 2سال آپ وزیراعظم بن جائیں۔ میں نے منع کردیا۔

میں نے کہا میں اس طرح وزیراعظم بننا نہیں چاہتا۔ میں پاکستانی عوام کی طرف سے منتخب کئے جانے کے بعد ہی وزیراعظم بنوں گا۔ کسی کا نام لئے بغیر بلاول بھٹو نے کہا کہ ان کی پارٹی وزارتیں نہیں لے گی۔ ان کے والد آصف علی زرداری پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوارِ صدارت ہوں گے۔ ہم نے ملک میں پھیلی آگ پر قابو پانے کے لئے طئے کیا ہے کہ آصف علی زرداری صدارتی الیکشن کے لئے ہمارے امیدوار ہوں گے۔

صدارت سنبھالنے کے بعد وہ یہ آگ بجھادیں گے اور مرکز اور صوبوں کو بچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو ایسی سیاسی جماعت کی ضرورت ہے جو عوام کے مسائل پر بات کرے۔ معاشی اور سیاسی بحران نے معاشرہ کو تقسیم کردیا ہے۔ سیاستدانوں اور سیاسی جماعتوں کو اپنے فائدہ کے بجائے اس ملک کے عوام کے بارے میں سوچنا چاہئے۔

بلاول نے تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ سسٹم کے اندر رہیں اور ملک کی بھلائی کے لئے کام کریں۔ بلاول کے تبصرہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ نواز قائد اسحق ڈار نے کہا کہ اگلی حکومت بنانے کے لئے سیاسی جماعتوں میں جو بات چیت ہورہی ہے اس کی تفصیلات ظاہر کرنا ٹھیک نہیں۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *