نئی دہلی: کانگریس نے کہا ہے کہ پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی کی طبیعت ناساز ہے، جس کی وجہ سے وہ دہلی اسمبلی انتخابات میں انتخابی مہم نہیں چلا پارہے ہیں ، لیکن جیسے ہی وہ صحت یاب ہوں گے، وہ انتخابی مہم شروع کر دیں گے۔
کانگریس کی ترجمان سپریہ شرینیت نے آج یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مسٹر گاندھی کی طبیعت ناساز ہے اور جیسے ہی وہ ٹھیک ہو جائیں گے، وہ دہلی اسمبلی انتخابات کے لئے پارٹی امیدواروں کی حمایت میں مہم شروع کر دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی کی طرح رنچھوڑ نہیں ہیں، وہ رن بانکورے ہیں اور جیسے ہی صحت مند ہوں گے، وہ دہلی میں انتخابی مہم شروع کر دیں گے۔ انہوں نے دہلی کی خراب حالت کے حوالے سے جو مسئلہ اٹھایا تھا وہ انتخابات میں نمایاں طور پر اٹھایا جا رہا ہے۔
پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا کے انتخابی مہم میں حصہ نہ لینے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ پارٹی کے سرکردہ رہنماؤں میں سے ایک ہیں اور جب مہم تیز ہوگی تو وہ پارٹی امیدواروں کی حمایت میں مہم بھی شروع کردیں گی۔ پارٹی کے دیگر اسٹار کمپینرز انتخابی مہم چلا رہے ہیں اور جلد ہی مہم مزید تیز ہو جائے گی۔
مسٹر گاندھی کی صحت کے سلسلے میں دہلی کانگریس کے صدر دیویندر یادو نے ایک دن پہلے صدر بازار کی ریلی میں کہا تھا کہ راہل گاندھی بیمار ہیں، اس لیے وہ ریلی میں نہیں آسکے۔ خرابی صحت کی وجہ سے مسٹر گاندھی دہلی میں انتخابی ریلیوں میں شرکت کرنے کے قابل نہیں ہیں اور وہ کرناٹک کے بیلگاوی میں کانگریس کے جلسہ عام میں بھی شرکت کرنے سے قاصر تھے۔