[]
حیدرآباد: چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سابق وزیر ہریش راو کو ان کے دور میں سرزد غلطیوں پر معافی مانگنے کا مشورہ دیا۔آج اسمبلی میں آبپاشی کے متعلق پیش کردہ وائٹ پیپر پر مباحث میں حصّہ لیتے ہو ئے چیف منسٹر نے کہا کہ سابق چیف منسٹر کے چندرا شیکھر راو نے گوداوری کے پراجکٹس پر ریٹائرڈ انجینئروں کے ساتھ ایک کمیٹی تشکیل دی تھی جس میں وزیر ہریش راؤ کے علاوہ پانچ اراکین شامل تھے۔
پانچ رکنی کمیٹی نے 14 صفحات پر مشتمل رپورٹ دی تھی۔ جس میں آپ لوگوں کی غلطیوں کی نشاندہی کی گئی تھی اگر آپ ان غلطیوں پر معافی مانگ کر وسیع القلبی کا مظاہرہ کرتے تو اس سے آپ ہی کا وقار اونچا ہوتا مگر آپ اپنی غلطیوں کو ہم پر تھوپنے کی کوشش کر رہے ہیں ہم حال کی بات کر رہے ہیں اور آپ ماضی میں جا رہے ہیں۔
میں بھی آپ کو وہ باتیں یاد دلا رہا ہوں جو متحدہ ریاست میں رونما ہوئے تھے۔اس وقت کے اے پی کے چیف منسٹر نے مہاراشٹرا کے چیف منسٹر سے پرانانہیتا چیوڑلہ پروجیکٹ کی تعمیر میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے بات چیت کی تھی۔2012 میں اسٹانڈنگ اور رابطہ کمیٹیاں قائم کی گئیں۔اس وقت مہاراشٹرا میں صرف 1850 ایکڑ پٹہ زمین پرا نہیتاکی وجہ سے زیر آب تھی۔
کے سی آر کی کھوپڑی میں کونسا کیڑا تھا کہ انہوں نے میڈی گڈہ کے قریب ایک پروجیکٹ تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا۔ ریونت ریڈی نے کہا پتہ نہیں کون سا بھگوان کے سی آر کے پاس آیا اور ان سے کہا کہ وہ میڈی گڈا کے قریب ایک پروجیکٹ تعمیر کریں۔
انہوں نے ہی انجینئروں کو مشورہ دیا، ان کی طرف سے مقرر کردہ انجینئروں کی کمیٹی نے واضح کیا کہ یہ پروجیکٹ تممیڈی ہٹی کے قریب بنایا جانا چاہیے۔ مگر کے سی آر نے اس رپورٹ کو نظر انداز کیا اورماموں اور بھانجہ نے پروجیکٹ تعمیر کرا دیا۔
انہوں نے کہا آپ کے دوست کے اخبار ساکشی میں بھی یہی تحریر کیا گیا، چیف منسٹر نے کہا ریاست کے خزانہ کو لوٹنے کے لئے ہی کے سی آر اور ہریش راو نے بے فیض پروجیکٹس کی تعمیر کرا ئی آپ کو اپنی حرکتوں پر معافی مانگنا چاہیے مگر آپ کھڑے ہو کر ہم سے سوال کر رہے ہیں جنکے بارے میں ہم نے کچھ نہیں کیا؟
انہوں نے کہا اگر پروجیکٹس ٹوٹ جاتے ہیں تو بھی کیا آپ معافی مانگے بغیر بحث کریں گے؟ میں ہریش راؤ سے سوال کر رہا ہوں ہریش راو کو بحث کرنے کے بجاے جواب دینا چاہیے.ریونت ریڈی نے کہا کالیشورم پروجیکٹ کا کوئی فائدہ نہیں ہے میں آپ سے جاننا چاہونگا کہ کیا آپ اپنے مقرر کردہ عہدیداروں کی رپورٹ کو ہی غلط ٹھہراتے ہیں؟
جب چیوڑلہ میں پروجیکٹ کی تعمیر کے فیصلہ کو ترک کر دیا گیا تھا اس وقت بہن سبیتا نے دھرنا دیا تھا، انہوں نے کہا ہریش راو کو سرزد ہوئی غلطیوں پر معافی مانگتے ہوئے برسر خدمات جج کے ذریعہ تحقیقات کے وقت حلفیہ بیان دینا چاہیے کہ انہوں نے یہ کام کس کے دباؤ پر کیا تھا۔