[]
صنعاء: امریکہ اور برطانیہ نے اتوار کی رات دیر گئے شمالی یمن میں حوثی کیمپوں پر فضائی حملے شروع کر دیئے۔ حوثیوں کے زیرانتظام المسیرہ ٹی وی نے ایک رپورٹ جاری کرتے ہوئے یہ اطلاع دی۔
امریکی اور برطانوی حملوں نے حوثی باغیوں کے گڑھ صوبہ صعدہ اور اسٹریٹجک بحیرہ احمربندرگاہی شہر حدیدہ میں اہداف کو نشانہ بنایا۔
ان حملوں میں صوبائی دارالحکومت کے مشرقی حصے صعدہ اور شمالی ضلع باقم میں کافی نقصان پہنچا۔ حدیدہ میں ہونے والے حملوں میں شمال مغربی ساحلی ضلع راس عیسیٰ اور پڑوسی ضلع عز زیدیہ میں کیمپوں کو نشانہ بنایا گیا۔
دوسری جانب امریکی محکمہ دفاع نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فضائی حملوں کا مقصد ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کی جانب سے امریکہ اوربحیرہ احمر کو قانونی طور پر عبور کرنے والے بین الاقوامی جہازوں کو روکنا تھا۔
دریں اثناء حوثی چیف مذاکرات کار محمد عبدالسلام نے المسیرہ ٹی وی پر کہا کہ امریکی فضائی حملے ان کے ٹھکانوں کو تباہ نہیں کر سکیں گے اور نہ ہی فوجی کارروائیوں اور صلاحیتوں کو متاثر کر سکیں گے۔
حوثی فوج کے ترجمان یحییٰ ساریہ نے کہا کہ دارالحکومت صنعا سمیت چھ شمالی صوبوں میں گروپ کے کیمپوں پر امریکی فضائی حملوں کے بعد ان کا گروپ امریکی بحریہ کے خلاف جوابی حملے کرے گا۔