[]
ساونت واڑی: شیوسینا (یوبی ٹی) سربراہ ادھوٹھاکرے نے اتوار کے دن دعویٰ کیاکہ مہاراشٹرا کی اتحادی حکومت میں ”گینگ وار“ چھڑگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندرمودی کو سمجھناچاہئیے کہ مہاراشٹرا بی جے پی یونٹ دیگر جماعتوں کے قائدین کی شمولیت کی وجہ سے ”کمزور“ ہوچکا ہے۔ سابق چیف منسٹر نے یہ ریمارکس ضلع تھانے کے الہاس نگر علاقہ کے پولیس اسٹیشن واقعہ کے دو دن بعد کئے۔
برسرِ اقتدار بی جے پی کے ایک رکن اسمبلی نے چیف منسٹر ایکناتھ شنڈے گروپ کے ایک مقامی قائد پر پولیس اسٹیشن کے اندرگولیاں چلائی تھیں۔ رکن اسمبلی گنپت گائیکواڑ(56 سالہ) کو گرفتارکرلیاگیاہے۔ حملہ میں زخمی شیوسینا کلیان یونٹ کے صدر مہیش گائیکواڑ(40 سالہ) کی حالت بے حد نازک ہے۔
مہاراشٹرا کے ضلع سندھودرگ کے ساونت واڑی میں ریالی سے خطاب میں ادھوٹھاکرے نے کہا کہ شیوسینا۔بی جے پی کی پچھلی حکومت نے 1990ء کے دہے میں ممبئی میں انڈرورلڈ گینگس کی کمرتوڑدی تھی لیکن اب موجودہ حکومت میں گینگ وار چھڑگئی ہے۔
تیسری گینگ 70ہزار کروڑ کے آبپاشی اسکام میں گردن تک ملوث ہے۔ اس کے پاس اپناسراٹھانے کا وقت نہیں ہے۔ ادھوٹھاکرے نے ایکناتھ شنڈے کی حکومت کے کسی حلیف کا نام لئے بغیر یہ الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسی فردواحد کے مخالف نہیں ہیں۔ وہ جھوٹ اور آمریت کے خلاف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو بھرپوراکثریت والی حکومت کی ضرورت نہیں ہے۔ اسے انڈیا بلاک کی حکومت چاہئیے جو مختلف اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد ہے۔ یہ اتحاد سبھی کو ساتھ لے کرچلے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیاکہ بی جے پی نے لوک سبھا الیکشن پھرجیتا تو آئندہ سال کوئی یوم جمہوریہ نہیں ہوگا۔
شیوسینا یوبی ٹی قائد نے کہا کہ وزیراعظم نریندرمودی آئے دن مہاراشٹرا کے دورے کررہے ہیں۔ وہ جب بھی آتے ہیں مہاراشٹرا سے کوئی چیز چھین کرگجرات کو دے دیتے ہیں۔ سندھودرگ میں ساحل کونکن پر نیوی ڈے منایاجاتا ہے۔
وزیراعظم یہاں آئے اور میں نے سنا ہے کہ سب میرین ٹورازم پراجکٹ جسے میں نے میرے دورِ چیف منسٹری میں منظوری دی تھی‘گجرات منتقل کیاجارہا ہے۔ غورطلب ہے کہ ریاستی حکومت واضح کرچکی ہے کہ ایسا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔
ادھوٹھاکرے نے دعویٰ کیاکہ وزیراعظم جب بھی مہاراشٹرا آتے ہیں یہاں سے کوئی چیز چھین کر لے جاتے ہیں۔ وہ اس وقت مہاراشٹرا نہیں آئے جب ریاست کو دوطوفانوں کی مارجھیلنی پڑی تھی۔ انہوں نے اس وقت ریاست کو کوئی مالی امداد نہیں دی۔