[]
حیدرآباد: چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا حکومت تلنگانہ کی جانب سے فوری طور پر مزید دو ضمانتوں پر عمل کیاجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نئے بجٹ میں ان ہدایت میں فنڈز مختص کرتے ہوئے دی گئی ضمانتوں کے فوائد کو مستحقین تک پہنچانے کسی بھی شہری کے ساتھ ناانصافی نہیں کی جائے گی آج ڈاکٹر بی آر امبیڈکر تلنگانہ سکریٹریٹ میں ریونت ریڈی نے پرجا پالانا پروگرام (عوامی حکومت)میں موصول ہونے والی درخواستو ں کا جائزہ لیا تاکہ عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کیا جا سکے۔
چیف منسٹرنے کہا کہ چھ ضمانتوں میں سے مزید2ضمانتوں کو لاگو کیا جائے گا اور تمام اہل افراد تک جنہوں نے درخواست دی تھی حکومت کی سہولتوں کو پہنچایا جائے گا۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ مزید دو ضمانتوں پر عمل آوری کی تیاریاں شروع کریں۔
کابینی ذیلی کمیٹی کے ارکان اور سینئر عہدیداروں نے جائزہ اجلاس میں شرکت کی جن میں ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکہ، ریاستی وزراء این اتم کمار ریڈی، ڈی سریدھر بابو اور پی سرینواس ریڈی قابل ذکر ہیں۔
چیف منسٹر نے غریبوں میں 500 روپے سبسڈی پر گیا س سلنڈر کی تقسیم کے وعدے کو نافذ کرنے، اندراماں امکنہ کی تعمیر اور 200 یونٹ مفت بجلی کی اسکیم کی فراہمی پر متعلقہ افسران کے ساتھ بات چیت کی۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ تینوں ضمانتوں پر عمل آوری کے لیے ضروری ایکشن پلان کے ساتھ تیار رہیں۔
چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ان میں سے دو ضمانتوں پر فوری عمل آوری کے انتظامات کئے جائیں۔ ریونت ریڈی نے ہر گارنٹی کے نفاذ کے لیے مالی تخمینہ اور ہر اسکیم کے تحت مستفید ہونے والوں کی تعداد کے بارے میں تفصیلات سے آگاہی حاصل کی۔ چیف منسٹر نے ریاستی محکمہ خزانہ کو مشورہ دیا کہ وہ بجٹ میں ان کے لیے ضروری فنڈز مختص کئے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ اسمبلی اجلاس سے قبل کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے ساتھ ایک اور ملاقات کریں گے جس میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ پرجا پالانا پروگرام 28 دسمبر 2023 سے 6 جنوری2024 تک ریاست بھر میں منعقد کیا گیا تھا۔ حکومت نے پانچ ضمانتوں سے استفادہ کیلئے اہل عوام سے درخواستیں وصول کی تھی،درخواستوں کی وصولی کے لئے گرام سبھا اور وارڈ میٹنگز منعقد کی گئی تھی۔ کل 1,09,01,255 درخواستیں رجسٹر ہوئیں اور 12 جنوری کو ریکارڈ وقت میں تمام ڈاٹا انٹری کے امور کومکمل کرلیا گیا۔
عہدیداروں نے چیف منسٹر پر وا ضح کیا کہ کچھ درخواست دہندگان نے ایک سے زیادہ درخواستیں داخل کی ہیں اور ان میں سے کچھ نے اپنے آدھار اور راشن کارڈ نمبروں کی تفصیلات فراہم نہیں کی ہیں۔ ریونت ریڈی نے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ ایسی درخواستوں کی دوبارہ جانچ کریں اور اگر ضروری ہو تو درخواستوں میں تفصیلات کی تصدیق کے لیے فیلڈ وزٹ کریں۔
انہوں نے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ اگر ضرورت ہو تو درخواست دہندگان کی تفصیلات کی مزید ایک اور بار تفصیلی جانچ کریں، تاکہ اسکیم کے فوائد حاصل کرنے میں کوئی بھی اہل شخص محروم نہ رہ جائے۔ چیف منسٹر نے ایم پی ڈی او دفاتر یا اگلے پرجا پالانا پروگرام میں درخواستوں میں موجود غلطیوں کو دور کرنے کے انتظامات کرنے کا مشورہ دیا۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو متنبہ کیا کہ وہ ضمانتوں پر عمل آوری کے لئے غیر ضروری شرائط نافذ نہ کریں اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ایک طریقہ کار تیار کریں تاکہ ہر اہل درخواست دہندہ کو اسکیم کا فائدہ حاصل ہو۔
چیف منسٹر نے عہدیداروں کو حکم دیا کہ وہ درخواستیں وصول کرنے کے انتظامات کو ایک مسلسل عمل کے طور پر جاری رکھیں اور جن لوگوں نے درخواست نہیں دی انہیں موقع فراہم کریں۔ اس موقع پر چیف سکریٹری شانتی کماری، ڈی جی پی روی گپتا، فینانس اسپیشل چیف سکریٹری راما کرشنا راؤ، سول سپلائی کمشنر ڈی ایس چوہان، میونسپل ایڈمنسٹریشن کے پرنسپل سکریٹری دانا کشور، جی ایچ ایم سی کمشنر رونالڈ راس، ہوم سکریٹری جتیندر، سی ایم کے پرنسپل سکریٹری شیشادری، سی ایم کے اسپیشل سکریٹری اجیت ریڈی اورانٹلیجنس چیف شیودھر ریڈی اور دیگر عہدیداروں موجود تھے۔