نوجوان پائلٹ احمد اویس نے ہائی وے پر ہنگامی لینڈنگ کر کے مسافروں کو بچا لیا

[]

ورجینیا: امریکہ میں ایک چھوٹے طیارے نے خراب موسم کے باعث ہائی وے پر ہنگامی لینڈنگ کر ڈالی۔ امریکی میڈیا کے مطابق جمعہ کی سہ پہر کو واشنگٹن ڈلس انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے والے ایک چھوٹے مسافر طیارے نے خراب موسم کے باعث چند ہی منٹ بعد ہنگامی طور پر ورجینیا کے ہائی پر لینڈنگ کی۔

طیارے نے ڈیلس ایئرپورٹ سے لنکاسٹر، پینسلوینیا جانے کے لیے اڑان بھری تھی، طیارے میں 7 افراد سوار تھے، خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، عملہ اور مسافروں میں سے کوئی بھی زخمی نہیں ہوا، پولیس حکام کا کہنا تھا کہ طیارے کو فلوریڈا کا 27 سالہ پائلٹ احمد اویس اڑا رہا تھا، مسافروں میں ایک 15 سالہ لڑکا بھی شامل تھا۔

ورجینیا اسٹیٹ پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ حکام کو ایک نجی طیارے کے لاؤڈون کاؤنٹی میں دوپہر ایک بجے سے کچھ قبل ہنگامی لینڈنگ کی اطلاع ملی، پائلٹ مہارت کے ساتھ سنگل انجن والے سیسنا 208 کو بغیر کسی گاڑی سے ٹکرائے کاؤنٹی پارک وے کی مغربی طرف والی لین میں بحفاظت اتارنے میں کامیاب رہا۔

سدرن ایئر ویز ایکسپریس کے سی ای او اسٹین لٹل نے ایک بیان میں کہا کہ ایئر لائن کو یہ جان کر راحت ملی کہ کوئی زخمی نہیں ہوا، انھوں نے کہا ’’ہمیں خوشی ہوئی ہے کہ تمام مسافر محفوظ رہے، ہم اپنے پائلٹس کے شکر گزار ہیں، جنھوں نے بالکل وہی کیا جس کی انھیں تربیت دی گئی تھی۔‘‘





[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *