[]
نیامے: افریقی ملک نائیجر میں فوجی بغاوت ہو گئی، صدر محمد بازوم کی حکومت کا تختہ الٹ دیا گیا، فوج نے نائیجر میں کرفیو نافذ کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نائیجر میں فوج نے جمعرات کو رات گئے صدر مملکت محمد بازوم کی حکومت کا تختہ الٹ دیا اور صدر بازوم کو ان کی سرکاری رہائش گاہ میں نظر بند کر دیا، صدارتی دفتر نے فوجی اقدام کو ریاست کے خلاف بغاوت قرار دے دیا ہے۔
فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر محمد بازوم صدارتی محافظ دستے کے کمانڈر جنرل کو ہٹانا چاہتے تھے، جس پر فوج نے ان سے استعفیٰ مانگ لیا تھا، لیکن صدر محمد بازوم نے انکار کر دیا۔
سرکاری ٹی وی سے خطاب میں فوجی آمر کرنل میجر عمادو عبدرمانے نے کہا کہ ہم نے دفاعی اور سیکیورٹی کی بگڑتی ہوئی صورت حال اور خراب گورننس کی وجہ سے صدر بازوم کو اقتدار سے ہٹا کر ملکی سرحدیں بند کر کے کرفیو نافد کر دیا ہے۔
آمرانہ اقدام پر سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے اقتدار پر قبضے اور جمہوری طرز حکمرانی کو نقصان پہنچانے پر اظہار افسوس کیا، امریکا، یورپ اور دیگر ممالک نے بھی جمہوریت پر شب خون مارنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔