ہند-بنگلہ دیش سرحد پر انسانی ہمدردی کا مظاہرہ: بھائی بہن کی آخری ملاقات

کولکتہ (آئی اے این ایس) پڑوسی ملک کی موجودہ صورتحال کی وجہ سے بین الاقوامی سرحد پر کشیدگی میں اضافہ کے دوران بارڈر سیکوریٹی فورس (بی ایس ایف) نے بنگلہ دیش کی ایک خاتون کو اپنے بھائی کے آخری دیدار کا موقع دیا جو ہندوستان میں رہتا تھا۔

یہ واقعہ مغربی بنگال کے ضلع شمالی چوبیس پرگنہ میں واقع مصطفی پور سرحدی چوکی پر پیش آیا جہاں بی ایس ایف کی 67 بٹالین کا عملہ تعینات ہے۔ ڈی آئی جی اور ترجمان ساوتھ بنگال فرنٹیر، بی ایس ایف این کے پانڈے نے بتایا کہ سخت چوکسی پر ہونے کے باوجود بی ایس ایف نے اس خاندان کو اجازت دیتے ہوئے اپنا انسانی چہرہ ظاہر کیا۔

شمالی چوبیس پرگنہ کے بگدہ میں ہند۔بنگلہ دیش سرحد کے قریب ایک گاؤں گنگولائی کے ایک رکن پنچایت نے مصطفی پور سرحدی چوکی کے کمپنی کمانڈر کو اطلاع دی کہ عبدالخالد منڈل نامی ایک شخص فوت ہوگیا ہے جو گنگولائی کا ساکن تھا۔ اس پنچایت رکن نے التجا کی کہ منڈل کی بہن کو جو سرحد پار گاؤں سردار بریپوٹا کی ساکن ہیں، اپنے بھائی کا آخری دیدار کرایا جائے۔

کمپنی کمانڈر نے اس درخواست کی جذباتی اہمیت کو سمجھتے ہوئے فوری طور پر اپنے ہم منصب ’بارڈر گارڈ بنگلہ دیش‘ (بی جے بی) سے ربط پیدا کیا تاکہ اِس خاندان اور اُس کے گھروالوں کو بین الاقوامی سرحد کی رکاوٹ پر واقع زیرو لائن پر لایا جائے۔

متوفی عبدالخالد منڈل کی لاش بی ایس ایف جوانوں کی کڑی نگرانی میں گنگولائی گاؤں سے زیرو لائن پر لائی گئی۔

اسے زیرو لائن پر رکھ دیا گیا۔ بعدازاں بی جے بی نے اس خاتون اور اُس کے گھروالوں کو اُس مقام پر پہنچایا، بھائی اور بہن کی آخری ملاقات بے حد جذباتی رہی جس سے وہ تعلق اجاگر ہوا جو سرحد کے دونوں پار رہنے والے عوام کے درمیان موجود ہے۔

منڈل کی بہن ایک بنگلہ دیشی شہری سے شادی ہونے سے پہلے ہندوستان میں رہتی تھی۔ بعدازاں وہ سرحد پر اپنے سسرالی مکان میں منتقل ہوگئی تھی۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *