[]
پٹنہ: مہاگٹھ بندھن کے 2 بڑے شرکاء راشٹریہ جنتادل (آر جے ڈی) اور جنتادل یو(جے ڈی یو) لوک سبھا الیکشن میں نشستوں کی تقسیم کے فارمولہ کو لگ بھگ قطعیت دے چکے ہیں۔ بہار میں لوک سبھا کی 40 نشستیں ہیں اور امکان ہے کہ یہ دونوں جماعتیں فی کس 16 حلقوں سے الیکشن لڑے گی جبکہ 6 نشستیں کانگریس کے لئے اور 2 نشستیں بایاں بازو جماعتوں کے لئے چھوڑی جائیں گی۔
آر جے ڈی اور جنتادل یو کے لئے ایک نشست کی کمی بیشی ممکن ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر تیجسوی یادو نے جمعرات کے شام پٹنہ میں چیف منسٹر نتیش کمار سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے تعلق سے کچھ بھی نہیں کہا گیا ہے لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ تیجسوی یادو نے مساوی نشستوں پر الیکشن لڑنے کے لالو پرساد یادو کے فارمولہ سے انہیں آگاہ کردیا۔
لالو پرساد یادو نے 2015 کے اسمبلی الیکشن کے فارمولہ کی بات کہی ہے۔ اُس وقت ریاستی اسمبلی کی 243 نشستوں میں آر جے ڈی اور جنتادل یو نے فی کس 100 نشستوں پر الیکشن لڑا تھا اور مابقی 43 حلقے کانگریس کو دے دیئے تھے۔
2019 کے لوک سبھا الیکشن میں جنتادل یو نے 17 نشستوں پر الیکشن لڑا تھا۔ اس نکتہ پر بھی بات ہوئی۔ ایسا لگتا ہے کہ جنتادل یو 16 پر نہیں مانے گی اور 17 پر ہی الیکشن لڑے گی۔
نشستوں کی تقسیم کے معاملہ میں نتیش کمار کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ کافی مول تول کرنے والے آدمی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایسا ہوا تو بایاں بازو جماعتوں کی ایک نشست جنتادل یو کو دے دی جائے گی کیونکہ کانگریس 6 سے کم نشستوں پر الیکشن لڑنے والی نہیں۔