[]
نئی دہلی: صدرجمہوریہ دروپدی مرمو نے 25 دسمبر کو تین نئے فوجداری انصاف بلوں کو منظوری دے دی جنہیں پارلیمنٹ نے جاریہ ہفتہ منظوری دی تھی۔
تینوں نئے قوانین بھارتیہ نیائے سنہیتا، بھارتیہ ناگرک سرکشھا سنہیتا اور بھارتیہ ساکشیا ایکٹ، نوآبادیاتی دور کے تعزیرات ہند، ضابطہ فوجداری اور ہندوستانی قانون شہادت بابتہ 1872 کی جگہ لیں گے۔
صدرجمہوریہ نے ٹیلی کمیونکیشنس ایکٹ 2023 کو بھی منظوری دے دی جو ٹیلی گراف ایکٹ 1885 کی جگہ لے گا۔
صدرجمہوریہ کی منظوری کے بعد ایکٹ کی مختلف دفعات کے لئے قوانین وضع کرنے ہوں گے۔
پارلیمنٹ میں تینوں بلوں پر مباحث کا جواب دیتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا تھا کہ سزا دینے کے بجائے انصاف فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔