[]
دہرادون: چیف منسٹر اترکھنڈ پشکر سنگھ دھامی نے آج کہا کہ ریاست کیلئے یکساں سول کوڈ کا مسودہ تیار ہے اور ماہرین کی کمیٹی اسے عنقریب ریاستی حکومت کے حوالے کرے گی۔
دھامی نے ہریدوار میں سادھوؤں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے یکساں سول کوڈ کامسودہ تیار کرنے ماہرین کی ایک کمیٹی کا تقرر کیا تھا۔
نئے سال میں ہمیں عنقریب اس کا مسودہ مل جائے گا اور ہم اسے نافذ کرنے کی سمت میں پیشرفت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یکساں سول کوڈ کو متعارف کرانے کا فیصلہ اتنی ہی اہمیت کا حامل ہے جتنا ایودھیا میں شاندار رام مندر کی تعمیر یا دستور کی دفعہ 370 کی تنسیخ کا مسئلہ ہے جس کے ذریعہ جموں وکشمیر کو خصوصی موقف دیا گیا تھا۔
دھامی نے ہریدوار میں جونا اکھاڑا کی جانب سے دیویا ادھیا آتما مہااتسو سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر یا دفعہ 370 کی تنسیخ کے مطالبات ملک میں کئی برسوں سے اٹھائے جارہے تھے۔
اسی طرح ریاست میں بھی گزشتہ سال کے اسمبلی انتخابات سے پہلے ہم نے یہ وعدہ کیا تھا کہ دوبارہ منتخب ہونے پر ہم یکساں سول کوڈ لائیں گے۔ دھامی نے اس بات کا تذکرہ کیا کہ انہوں نے اپنی حکومت کی جانب سے لئے گئے چند بڑے فیصلوں میں ملک بھر میں انتہائی سخت مخالف نقل نویسی اور مخالف تبدیلی مذہب قوانین متعارف کرائے ہیں۔
انہوں نے اراضی جہاد کے خلاف اپنی حکومت کے فیصلہ کن اقدامات کا بھی تذکرہ کیا اور کہا کہ اس مہم کے دوران زائداز5 ہزار ایکر سرکاری زمین کو ناجائز قبضوں سے آزاد کرایا گیا ہے۔ دھامی نے کہا کہ وزیراعظم نریندرمودی کی زیر قیادت ملک میں ایک نئی ثقافتی بیداری پیدا ہورہی ہے۔