[]
نئی دہلی: اپوزیشن انڈیا بلاک کی فیصلہ کن میٹنگ قومی دارالحکومت میں منگل کے دن شروع ہوئی۔ اپوزیشن قائدین نے اس میں آگے بڑھنے کے راستے بشمول 2024کے لوک سبھا الیکشن میں بی جے پی سے ٹکر لینے نشستوں کی تقسیم کے فارمولہ پر تبادلہ خیال کیا۔
پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے 141 اپوزیشن ارکان کی معطلی کے مسئلہ پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ قائدین نے بلالحاظ پارٹی وابستگی اس کی مذمت کی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ وہ موجودہ حکومت کی ظلم و زیادتی کے خلاف لڑائی جاری رکھیں گے۔
کانگریس نے الزام عائد کیا کہ جمہوریت کا بے رحمی سے قتل ہورہا ہے۔ ایسی مخالف صورتِ حال میں اتحاد ہماری طاقت ہے۔ کانگریس قائدین بشمول سونیا گاندھی اور راہول گاندھی میٹنگ میں موجود تھے۔ انڈیا بلاک قائدین کی یہ چوتھی میٹنگ ہے۔
اشوکا ہوٹل میں میٹنگ میں چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی‘ چیف منسٹر ٹاملناڈو ایم کے اسٹالن‘ چیف منسٹر بہار نتیش کمار‘ چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال‘ چیف منسٹر پنجاب بھگونت مان کے علاوہ این سی پی سربراہ شردپوار نے بھی شرکت کی۔
سابق چیف منسٹر لالو پرساد یادو‘ سی پی آئی ایم کے سیتارام یچوری‘ آر جے ڈی کے تیجسوی یادو‘ سماج وادی پارٹی کے اکھلیش یادو‘ سی پی آئی کے ڈی راجہ‘ نیشنل کانفرنس کے فاروق عبداللہ اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔