[]
نئی دہلی: کووڈ۔19کے بڑھتے ہوئے معاملات کے پیش نظر مرکزی حکومت نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو الرٹ رہنے، کووڈ کے معیارات کو نافذ کرنے اور کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت دی ہے۔
صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کے سکریٹری سدھانش پنت نے پیر کو تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے چیف سکریٹریوں، پرنسپل سکریٹریوں اور صحت کے سکریٹریوں کو لکھے گئے ایک خط میں کہا ہے کہ کووڈ کیرالا سمیت کئی ریاستوں میں کووڈ۔19 کے معاملات میں اضافہ کی خبریں ملی ہیں، کیرالا میں کووڈ۔ 19 کی ایک نئی شکل جے این۔ 1 سامنے آئی ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ مقامی انتظامیہ کووڈ 19 کی علاقائی صورتحال کے پیش نظر محتاط رہے اور متعلقہ دفعات پر عمل درآمد کرے۔ آنے والے تہواروں کے سیزن کے پیش نظر مقامی انتظامیہ کو خاص خیال رکھنا چاہیے۔
اس کے علاوہ ضلعی سطح پر کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیاریاں کی جانی چاہئیں۔ تمام مشتبہ افراد کا آر ٹی۔پی سی آر ٹیسٹ کیا جائے اور تمام نمونے جینوم سیکوئنسنگ کے لئے بھیجے جانے چاہئیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ جے این۔1کا علاج کا طریقہ کووڈ۔19جیسا ہی ہے۔ اس لیے تمام متعلقہ ادویات اور متعلقہ آلات، انسانی وسائل کی مناسب تیاری کی جانی چاہیے۔ اس حوالے سے عوام الناس میں بڑے پیمانے پر بیداری مہم چلائی جانی چاہئے۔