مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، خاتم الانبیاء سینٹرل ڈیفنس ہیڈکوارٹر کے نائب کمانڈر جنرل محمد جعفر اسدی نے کہا ہے کہ امریکی اور صیہونی دشمن کی جانب سے کسی قسم کی شرارت کی صورت میں دندان شکن جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ خلیج فارس اور آبنائے ہرمز ایران اور اس کے ہمسایہ ممالک سے متعلق علاقہ ہے، اور امریکیوں کو اس بارے میں رائے دینے کا کوئی حق نہیں۔
جنرل اسدی نے امریکی حکمرانوں کی دھونس دھمکیوں کو امریکی عوام کے لیے شرم کا باعث قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی حکام آبنائے ہرمز اور خطے کے مسائل پر ایسے وقت میں تبصرے کر رہے ہیں جب یہ مسائل سرے سے امریکہ سے کوئی تعلق ہی نہیں رکھتے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن ایران کے تیل کے وسائل کو لوٹنے کے درپے ہیں۔ ہم امریکیوں سے صاف لفظوں میں کہتے ہیں کہ یہ وینزویلا نہیں کہ آپ اس کے وسائل لوٹ سکیں؛ کیونکہ اسلامی جمہوری ایران اور اس کی عظیم قوم آپ کے مقابلے میں کھڑے ہوں گے۔
جنرل اسدی نے ایران پر امریکہ کے ممکنہ دوبارہ حملے کے مقابلے میں جوابی منصوبے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوری ایران کی مسلح افواج اور مقاومت کے پاس دشمن کا مقابلہ کرنے کا مکمل منصوبہ موجود ہے، اور اگر امریکی فوج اور صیہونی حکومت نے دوبارہ حملہ کیا تو انہیں اس سے بھی سخت جواب کا سامنا کرنا پڑے گا۔
