[]
نئی دہلی: ہندوستان نے اتوار کے دن اس میڈیا رپورٹ کو ”فیک“ اور ”پوری طرح من گھڑت“ قراردیا جس میں دعویٰ کیا گیاہے کہ نئی دہلی نے بعض سکھ علیحدگی پسندوں بشمول ہردیپ سنگھ نجار کے خلاف ”ٹھوس“ اقدامات کے لئے اپریل میں ”خفیہ میمو“ جاری کیا تھا۔
وزارت ِ خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے کہا کہ یہ رپورٹ ہندوستان کے خلاف”مسلسل گمراہ کن مہم“ کا حصہ ہے اور جس میڈیا آؤٹ لیٹ نے یہ رپورٹ دی وہ پاکستانی انٹلیجنس کی ایماء پر ”فرضی بیانیہ“ کی تشہیر کے لئے جانا جاتا ہے۔
آن لائن امریکی میڈیا آؤٹ لیٹ دی انٹرسیپٹ نے یہ رپورٹ دی تھی۔ وزارت ِ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایسی فیک نیوز دینے والے خود اپنی ساکھ کی قیمت پر ایسا کرتے ہیں۔
ستمبر میں کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے الزام عائد کیا تھا کہ 18جون کو کینیڈا کی سرزمین پر خالصتانی انتہاپسند نجار کی ہلاکت میں ہندوستانی ایجنٹس ملوث ہوسکتے ہیں۔
ہندوستان نے اس الزام کو سختی سے مسترد کردیا تھا۔ انٹرسیپٹ نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا کہ حکومت ِ ہند نے مغربی ممالک میں بعض سکھ علیحدگی پسندوں کے خلاف ”کریک ڈاؤن اسکیم“ چلانے کی ہدایت دی تھی۔