
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے جنگ کے خاتمے سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد اور جاری سفارتی پیش رفت پر تبادلۂ خیال کیا۔
سید عباس عراقچی نے اس موقع پر سفارتی مذاکرات کے عمل، کشیدگی میں کمی اور مفاہمتی یادداشت تک پہنچنے میں پاکستان کی کوششوں، تجاویز اور مثبت سفارتی کردار کو سراہا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ امریکہ تمام محاذوں، بالخصوص لبنان میں جنگ کے خاتمے کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کا پابند ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مفاہمتی یادداشت میں درج وعدوں کی کسی بھی خلاف ورزی کے نتائج اور اس کے تمام تر تبعات کی ذمہ داری امریکہ پر عائد ہوگی۔
پاکستان کے وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے جاری سفارتی عمل کا خیر مقدم کرتے ہوئے مذاکرات کے تسلسل اور مثبت و پائیدار نتائج کے حصول کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا اور اس عمل کے آئندہ مراحل کی کامیابی کے بارے میں امید کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے گفتگو کے دوران بعض دوطرفہ امور کا بھی جائزہ لیا اور باہمی مشاورت اور رابطوں کے تسلسل پر اتفاق کیا
