معاہدے کی خلاف ورزی پر بھرپور جواب دیا جائے گا، ایران کا امریکہ کو دوٹوک انتباہ

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل (SNSC) نے امریکہ کو خبردار کیا ہے کہ مذاکرات یا معاہدے کی کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں تہران پہلے سے طے شدہ منصوبے کے مطابق بھرپور جوابی کارروائی کرے گا۔

سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹریٹ نے رہبر انقلاب اسلامی کے آئندہ مذاکرات کے حوالے سے جاری کردہ اسٹریٹجک اور بصیرت افروز پیغام پر ردعمل دیتے ہوئے ایک بیان جاری کیا، جس میں رہبر انقلاب اور ایرانی عوام کو یقین دلایا گیا کہ ان کی ہدایات پر عمل درآمد میں کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔

بیان میں کہا گیا کہ کونسل ایرانی قوم اور مقاومتی محاذ کے حقوق کا مکمل تحفظ کرے گی، شہداء کے خون کی پاسداری کرے گی اور آئندہ مذاکرات کو صرف اسلامی جمہوریہ ایران کے قومی مفادات اور سلامتی کی بنیاد پر آگے بڑھایا جائے گا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ دشمن کی عہد شکنی اور وعدہ خلافی پر مکمل عدم اعتماد کے ساتھ، مذاکراتی عمل اور منصوبوں پر سخت نگرانی جاری رہے گی، اور اگر امریکی فریق کی جانب سے کسی قسم کی خلاف ورزی یا بدعہدی کی گئی تو پہلے سے طے شدہ منصوبے کے مطابق متقابل کارروائی کی جائے گی۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *