نینی تال کی کھائی میں ٹیمپو گر پڑا – غازی آباد اور میرٹھ کے ایک ہی خاندان کے 29 افراد حادثہ کا شکار ؛ دو خواتین جاں بحق 27 زخمی – تفریح سے واپسی کے دوران حادثہ

نئی دہلی –  اتراکھنڈ کے نینی تال میں تفریح کے بعد واپس لوٹ رہے اترپردیش کے سیاحوں سے بھری ایک ٹیمپو گاڑی چہارشنبہ  کی رات کھرپتال روڈ پر نینی تال تیراہے کے قریب تقریباً 25 میٹر گہری کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں دو خواتین جاں بحق جبکہ 27 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں 21 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

 

حادثہ کے وقت گاڑی میں میرٹھ اور غازی آباد کے رہنے والے سیاح سوار تھے، جو نینی تال میں تعطیلات گزارنے کے بعد اپنے گھروں کو واپس جا رہے تھے۔ حادثہ کے بعد جائے وقوع پر افرا تفری مچ گئی اور مسافروں کی چیخ و پکار سن کر مقامی افراد اور راہگیر فوری طور پر امداد کے لیے پہنچ گئے۔

 

 

پولیس کے مطابق چہارشنبہ کی رات 8:08 بجے ڈائل-112 پر اطلاع موصول ہوئی کہ کھرپتال روڈ پر ایک ٹیمپو ٹریولر سڑک سے نیچے کھائی میں جا گری ہے اور کئی مسافر گاڑی میں پھنسے ہوئے ہیں۔

 

اطلاع ملتے ہی پولیس، اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس ، فائر سروس اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ مقامی افراد اور راہگیروں کی مدد سے پھنسے ہوئے مسافروں کو باہر نکال کر کلادھونگی کے کمیونٹی ہیلت سینٹر  منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے میرٹھ کی رہائشی 32 سالہ نذرین اور تقریباً 40 سالہ فرحت بیگم کو مردہ قرار دے دیا۔

 

حادثے کے وقت  ٹیمپو گاڑی میں ڈرائیور سمیت مجموعی طور پر 29 افراد سوار تھے۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ تمام افراد نینی تال کی سیر و تفریح کے لیے گئے تھے اور واپس اپنے گھروں کو لوٹ رہے تھے کہ کلادھونگی سے تقریباً چار کلومیٹر قبل حادثے کا شکار ہوگئے۔

 

 

شدید زخمی 21 افراد کو خصوصی علاج کے لئے ہلدوانی کے سشیلا تیواری ہاسپٹل منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

 

شدید زخمیوں میں نواب الدین، آصف، ریشما، رخسانہ، انیس احمد، نعیم الدین، نفیس، ثنا، عائشہ، منس اور دیگر شامل ہیں۔ زخمیوں میں خواتین، مرد اور کم عمر بچے بھی شامل ہیں۔

 

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ہلدوانی کے سٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس منوج کٹیال، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس امیت کمار سینی اور تھانہ انچارج ارون کمار سینی پولیس فورس کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے۔

 

ایس ڈی آر ایف، فائر سروس اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیموں نے مشترکہ طور پر راحت اور بچاؤ کارروائی انجام دی۔ سینئر حکام نے ریسکیو آپریشن کی نگرانی کرتے ہوئے زخمیوں کو فوری طور پر ہاسپٹل منتقل کرنے کے انتظامات کیے۔

 

پولیس نے تباہ شدہ ٹیمپو ٹریولر کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے اور حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ابتدائی جانچ میں معلوم ہوا ہے کہ گاڑی بے قابو ہونے کے بعد سڑک سے نیچے کھائی میں جا گری، تاہم حادثے کی اصل وجہ جاننے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔

 

حادثے میں زخمی ہونے والوں میں 21سالہ سمیر، 11 سالہ جاسم احمد، 8 سالہ ابوذر، 23 سالہ منس، 45 سالہ نواب الدین، حیدر، 24 سالہ آصف، ببلو، 33 سالہ ڈرائیور نعیم الدین، 55 سالہ انیس احمد، 2 سالہ شاد، 18 سالہ امن، 14 سالہ محمد ارسلان، 23 سالہ سہیل، 45 سالہ نفیس، 34 سالہ شہزاد، 10 سالہ سحیہ، فیض الرحمٰن، 9 سالہ آئینہ، 11 سالہ تسبیہ، 36 سالہ ریشما، 23 سالہ ثنا، 45 سالہ رخسانہ، 25 سالہ لائبہ، کلویہ، 18 ماہ کی ماہیرا، 21 سالہ عائشہ، 15 سالہ جنیرہ، شہناز، 46 سالہ فرحاد، 40 سالہ انیسہ، 21 سالہ نشا اور 16 سالہ صفیہ شامل ہیں۔

 

تمام زخمیوں کو مقامی افراد اور امدادی ٹیموں کی مدد سے گاڑی کے ملبے سے نکال کر ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ شدید زخمیوں کا علاج سشیلا تیواری ہاسپٹل، ہلدوانی میں جاری ہے، جہاں کئی افراد کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *