
حیدرآباد: ریاست تلنگانہ میں مختلف مقامات پر پیش آئے المناک سڑک حادثات میں کم از کم سات افراد ہلاک ہوگئے۔حیدرآباد-ورنگل قومی شاہراہ پر ایک منی ٹرک کو تیز رفتار لاری نے ٹکر دے دی جس کے نتیجے میں ایک شخص
موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ دو دیگر زخمی دوران علاج فوت ہوگئے۔پولیس کے مطابق دیورپولا منڈل میں کرانہ دکان چلانے والے جاٹ روہت اور یادادری بھونگیر ضلع کے گنڈال منڈل کے باندہ کتہ پلی گاؤں کے رہنے والے مدھو، ٹاٹا ایس منی ٹرک
میں حیدرآباد سے کرانہ سامان لے کر واپس آرہے تھے۔ جمعرات کی علی الصبح جب وہ ضلع جنگاؤں کے لنگالا گھناپور منڈل کے نلّوٹلہ علاقے کے قریب پہنچے تو ٹرک کا ٹائر پنکچر ہوگیا۔اسی دوران وہاں سے گزرنے والی ایک لاری کو روک کر
جیک حاصل کیا گیا۔ لاری کلینر راجیندر، ٹرک ڈرائیور مدھو اور دکان مالک روہت پنکچر ٹائر تبدیل کر رہے تھے کہ عقب سے آنے والی ایک اور تیز رفتار لاری نے انہیں زور دار ٹکر دے دی۔ حادثے میں ایک شخص موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ دو دیگر زخمیوں نے ضلع جنگاؤں اسپتال میں علاج کے دوران دم توڑ دیا۔
دوسرا ہولناک حادثہ ضلع ملکاجگیری-میدچل کے حدود میں ترکاپلی اور موراہری پلی کے درمیان پیش آیا۔ پولیس کے مطابق کریم نگر سے حیدرآباد آرہی ایک کار بے قابو ہوکر ڈیوائیڈر پر چڑھ گئی اور اس کے بعد مخالف سمت سے آنے والی
تیز رفتار لاری سے جا ٹکرائی۔اس حادثے میں کار میں سوار ایک ہی خاندان کے تین افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ادھر ضلع وقارآباد کے پرگی منڈل کے چگورال پلی علاقے میں ایک ٹپر لاری
نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔ اس حادثے میں مومن کالان کے رہنے والے جاوید پاشا (30) موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔پولیس نے تمام حادثات کے سلسلے میں مقدمات درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
