[]
حیدرآباد: آندھراپردیش میں وشاکھاپٹنم سے تروپتی جانے والی تروملا ایکسپریس ٹرین میں تھیلے میں رکھے اچانک پٹاخوں کے پھٹنے اور دھوئیں کے سبب مسافرین میں سنسنی پھیل گئی۔
مسافروں، آر پی ایف اور ریلوے حکام کی تفصیلات کے مطابق وشاکھاپٹنم سے روانہ ہونے والی ٹرین پیر کی شام تونی اسٹیشن پر رکی۔
جب ٹرین دوبارہ روانہ ہو رہی تھی تو اُس وقت ایس تری بوگی میں بیت الخلاکے قریب بیگ سے دھواں نکلنا شروع ہوا۔
یہ دیکھ کر مسافر خوفزدہ ہوگئے اور ٹرین سے اترنے کی کوشش کی۔ بعض مسافرین نے زنجیر کھینچ کر ٹرین روک دی۔ فوری طور پر، مسافروں نے ان پٹاخوں کو پھٹنے سے پہلے بیگ سے باہر نکال دیا۔
اس واقعہ کی اطلاع آر پی ایس کو دی گئی۔ ریلوے عملے نے بوگی کا تفصیلی معائنہ کیا جس کے بعد ٹرین اپنی منزل کے لئے روانہ ہوگئی۔
اس موقع پر جی آر پی کے عملے نے بتایا کہ ایک نامعلوم مسافر ایک بیگ میں پٹاخے اور ادویات لے کر جا رہا تھا کہ ایک چھوٹا دھماکہ ہوا۔