انٹرپول کی اطلاع پر پولیس نے ایک شخص کو خودکشی سے بچالیا

[]

ممبئی: انٹرپول کی اس اطلاع پر کہ ایک شخص گوگل پر ”خودکشی کرنے کا بہترین طریقہ“ تلاش کررہا ہے، ممبئی پولیس نے 28سالہ شخص کا پتا لگا کر اسے خودکشی سے روک لیا۔

راجستھان سے تعلق رکھنے والے شخص کو مالوانی پولیس نے انٹرپول کی جانب سے فراہم کردہ اس کے موبائل نمبر کی بنیاد پر اس کا پتا لگاکر منگل کو بچالیا۔ انٹرنیشنل کریمنل پولیس آرگنائزیشن المعروف انٹرپول ایک بین الاقوامی تنظیم ہے جو عالم گیر سطح پر پولیس سے تعاون اور جرائم کی روک تھام میں مدد کرتی ہے۔

ایک پولیس عہدیدار کے مطابق بچاؤ کی یہ کارروائی ممبئی پولیس کی کرائم برانچ کے یونٹ11 نے منگل کی دوپہر انٹرپول کی فراہم کردہ اطلاع کی بنیاد پر کی۔

اس نے کہا کہ ملاڈ کے مالوانی میں مقیم شخص راجستھان کا متوطن ہے۔ تحقیقات میں پولیس کو پتا چلا کہ وہ دباؤ میں تھا، کیوں کہ وہ ممبئی کی جیل سے اپنی ماں کو رہا نہیں کرواپارہا تھا جسے دو سال قبل فوجداری کیس میں گرفتار کیا گیا تھا۔

پہلے یہ شخص (پڑوسی تھانے ضلع کے)میرا روڈ محلے میں اپنے رشتہ داروں کے ساتھ مقیم تھا اور بعد ازاں مالوانی منتقل ہوا۔ وہ گزشتہ چھ ماہ سے بے روزگار تھا۔ چوں کہ وہ جیل سے اپنی ماں کو رہا نہیں کرواپارہا تھا وہ مایوسی کا شکار ہوگیا۔ خودکشی کا خیال ذہن میں آتے ہی اس نے گوگل پر خودکشی کرنے کے طریقے تلاش کرنے شروع کردیے۔

اس نے گوگل پر ”خودکشی کا بہترین طریقہ“ کئی بار تلاش کیا جس نے انٹرپول کے عہدیداروں کو متوجہ کیا جس نے اس تعلق سے ممبئی پولیس کو اس کے موبائل فون نمبر کے ساتھ ای میل کیا۔ اس اطلاع کی بنیاد پر کرائم برانچ نے موبائیل فون کا محل وقوع مالوانی میں پایا۔ اس کے بعد پولیس وہاں پہنچی۔

اس شخص کو تحویل میں لے کر اس کی کونسلنگ کی گئی۔ اسے پیشہ ور کونسلرس نے کونسلنگ کے بعد شہر میں اس کے رشتہ دار کے یہاں جانے کو کہا۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *