
نئی دہلی/ دُبئی (آئی اے این ایس) کراؤن پرنس دُبئی اور متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شیخ حمدان بن محمد المکتوم منگل سے ہندوستان کا 2 روزہ دورہ کریں گے۔
وزارت ِ خارجہ نے پیر کے دن یہ اعلان کیا۔ بحیثیت ولیعہد دُبئی شیخ حمدان کا یہ پہلا سرکاری دورہ ئ ہند ہے۔ ان کے ساتھ کئی وزرا‘ سینئر سرکاری عہدیدار اور اعلیٰ سطح کا تجارتی وفد بھی ہوگا۔
وزیراعظم نریندر مودی منگل کے دن کراؤن پرنس کو ورکنگ لنچ دیں گے۔ شیخ حمدان نئی دہلی کے بعد ممبئی جائیں گے اور وہاں ممتاز تاجروں کے ساتھ بزنس راؤنڈ ٹیبل میں حصہ لیں گے۔
وزارت ِ خارجہ نے کہا کہ روایتی طورپر دُبئی نے متحدہ عرب امارات(یو اے ای) کے ساتھ ہندوستان کے تجارتی‘ ثقافتی تعلقات اور عوام سے عوام کے رابطہ میں اہم رول ادا کیا ہے۔ متحدہ عرب امارات میں جو 43 لاکھ ہندوستانی مقیم ہیں‘ ان کی اکثریت دُبئی میں رہتی اور کام کرتی ہے۔