کے کویتا کی سالگرہ تقاریب تزک و احتشام کے ساتھ منائی گئیں
*رہائش گاہ پر جشن کا سماں۔فضا، جئے تلنگانہ اور جئے کویتا اکا کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی*
*مبارک باد دینے کے لئے بلا لحاظ مذہب و ملت ہزاروں عوام کا تانتا۔پھول نچھاور کئے گئے*
*قانون ساز کونسل میں تقریب، کیک کاٹاگیا، بھائی کے ٹی آر، ہریش رائو، اراکین اسمبلی و کونسل کی شرکت*
*معذورین میں تھری ٹائرز موٹر سائیکلز، طلبہ میں سائیکلیں اور ضرورت مندوں میں ویل چیئرس کی تقسیم*
*پوری کے ساحل پر ریت کا مجسمہ بناکر عوامی خدمات کو بھرپور خراج تحسین کی پیشکشی۔*
*کرناٹک میں دریاؤں کی روانی اور جھرنوں کے درمیان گلابی پر چموں کے ساتھ منفرد ویڈیو توجہ کا مرکز*
*ملک اور بیرون ممالک سے مبارکبادی کے ہزاروں پیامات موصول*
*عوام کی والہانہ محبت پر اظہار تشکر اور عوامی خدمت کے لئے خود کو وقف کرنے کے عزم کا اعادہ*
حیدرآباد:بی آر ایس سربراہ و سابق چیف منسٹر کے سی آر کی دختر،رکن تلنگانہ قانون ساز کونسل و صدر تلنگانہ جاگروتی کلواکنٹلہ کویتا کی سالگرہ تقاریب تزک و احتشام کے ساتھ منائی گئیں۔کے کویتا ایک ہر دل عزیز عوامی لیڈر ہیں۔ وہ تلنگانہ ہی نہیں بلکہ ملک و بیرون ممالک میں کافی مقبول ہیں۔ بلالحاظ مذہب و ملت تلنگانہ کے عوام انہیں ‘اکا’ کے نام سے پکارتے ہیں.کے کویتا کی سالگرہ کے موقع پر ان کے مداحوں اور حامیوں نے بھرپور وابستگی اور عقیدت کا اظہار کیا۔ مختلف طبقات اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے محبان بی آر ایس و کویتا صبح سے ہی ان کی رہائش گاہ پہنچ کر مبارکباد پیش کئے۔ کے کویتا کو گلدستے پیش کرنے کے لئے طویل قطاریں دیکھی گئیں۔حامی انہیں سالگرہ کی مبارکباد دینے کے لئے دور دراز مقامات سے یہاں پہنچے۔کرین کے ذریعہ شاندار انداز میں انہیں پھولوں کا ہار پہنایا گیا اور گلاب نچھاور کئے گئے۔ اس موقع پر جشن کا سماں دیکھا گیا۔فضا،جئے تلنگانہ اورجئے کویتا اکاکے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی، عوام کی والہانہ محبت سے کے کویتا کی عوامی مقبولیت کا بھرپور اظہار ہوتا ہے۔
کے کویتا ہمیشہ سے ہی انسانیت نوازی اور ہمدردی کے لئے جانی جاتی ہیں۔ کلواکنٹلہ کویتا کی سالگرہ کے موقع پر ہمیشہ ہی کی طرح مختلف فلاحی کام انجام دیئے گئے۔ معذورین میں ٹرائی موٹر سائیکلز، اسکولی طلبہ میں سائیکلیں اور ضرورت مندوں میں وہیل چیئرس تقسیم کی گئیں۔ جس سے کے کویتا کی سماجی خدمت کے تئیں جذبہ کا اظہار ہوتا ہے۔ بی آر ایس قائدین اور کارکنان نے اس موقع پر انہیں تہنیت پیش کی اور ان کی فلاحی خدمات کی ستائش کی۔
تلنگانہ قانون ساز کونسل میں بھی بی آر ایس کے سینئر قائدین نے کے کویتا کی سالگرہ کا جشن منایا۔ اس موقع پر کیک کاٹا گیا اور تمام ارکان نے انہیں مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔اس موقع پر بی آر ایس کے کارگزار صدر اور ان کے بھائی کے ٹی آر، سابق وزیر ہریش راؤ کے علاوہ دیگر سابق وزراء، سینئر ایم ایل ایز اور ایم ایل سیز موجود تھے۔
کے کویتا اپنی عوامی خدمات کے باعث نہ صرف تلنگانہ بلکہ ملک اور بیرون ممالک میں بھی کافی شہرت رکھتی ہیں۔ انہیں ملک اور بیرون ممالک سے بھی ہزاروں مبارکبادی کے پیامات موصول ہوئے۔ محبان بی آر ایس اور کویتا کی جانب سے مختلف مقامات پر منفرد انداز میں ان کی سالگرہ کے موقع پر خصوصی تقریبات منعقد کی گئیں۔ نظام آباد سے تعلق رکھنے والے سی گوڑ اور ایم چودھری نے دکشن کرناٹک ضلع میں ایک بہترین چار منٹ کی ویڈیو تیار کی، جس میں دریاؤں کی روانی اور جھرنوں کے درمیان کشتیوں پر بی آر ایس کے گلابی پرچم لہراتے ہوئے کے کویتا کی خدمات کوخراج تحسین پیش کیا گیا۔ سوشیل میڈیا پر یہ ویڈیو تیزی سے وائرل ہوئی اور عوام میں بے حد مقبول ہوئی۔بی آر ایس کے سینئر رہنما رویندر یادو نے پوری کے ساحل پر ایم ایل سی کویتا کی سالگرہ کے موقع پر ایک یادگار تقریب کا انعقاد عمل میں لایا۔ اس موقع پر کے کویتا کا شاندار ریت کا مجسمہ (سینڈ آرٹ) تیار کروایا گیا۔ جس نے سیاحوں کی خاص توجہ حاصل کی۔ فنکاروں کے رقص نے محفل کو مزید خوبصورت بنا دیا۔ رویندر یادو نے فنکاروں کے ساتھ مل کر سالگرہ کا جشن منایا۔ فنکاروں میں نئے ملبوسات تقسیم کئے گئے، جس سے یہ تقریب مزید یادگار بن گئی۔ ساحل پر ڈرون ویڈیو کے ذریعہ اس تقریب کو خصوصی انداز میں فلمبند کیا گیا، جس نے عوام کی زبردست توجہ حاصل کی اور دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔ایم ایل سی کلواکنٹلہ کویتا نے اپنی سالگرہ کے موقع پر محبت و عقیدت کا اظہار کرنے والے تمام افراد اور محبان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی یہ بے پناہ محبت ان کے لئے بیش بہا وقیمتی تحفہ ہے اور وہ ہمیشہ عوامی خدمت کے لئے خود کو وقف رکھیں گی۔یہ شاندار تقریبات اس بات کا مظہر ہیں کہ ایم ایل سی کلواکنٹلہ کویتا نہ صرف تلنگانہ بلکہ پورے ملک میں ایک دردمند اور عظیم عوامی رہنما کے طور پر جانی جاتی ہیں اور ان کی فلاحی خدمات عوام کے دلوں میں ان کے لئے عزت و محبت کا باعث بنی ہوئی ہیں۔