
لکھنؤ (پی ٹی آئی) اترپردیش اسمبلی کے اسپیکر ستیش مہانا نے چہارشنبہ کے روز احاطہ اسمبلی میں گٹکھا اور پان مسالہ پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا۔
مہانا نے منگل کی صبح ایوان کی کارروائی کے دوران ایک رکن کے احاطہ اسمبلی میں پان مسالہ تھوکتے ہوئے کیمرہ پر پکڑے جانے پر ناپسندیدگی ظاہر کرتے ہوئے یہ اعلان کیا۔
اسپیکر نے ارکان عملہ سے مبینہ طور پر کہا تھا کہ اِس گندگی کو صاف کریں۔ بہرحال مہانا نے کہا کہ وہ اس بات سے واقف ہیں کہ یہ گندگی کس نے پھیلائی ہے۔ تاہم انہوں نے کسی رکن اسمبلی کا نام نہیں لیا۔
اسپیکر نے سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے تمام ارکان کو صفائی برقرار رکھنے اپنی ذمہ داری یاد دلائی کیونکہ عوام ہی قانون سازوں کا انتخاب کرتے ہیں۔ چہارشنبہ کے روز وقفہ سوالات کے بعد مہانا نے اعلان کیا کہ احاطہ اسمبلی میں پان مسالہ اور گٹکھا کے استعمال پر فوری اثر کے ساتھ پابندی عائد کی جاتی ہے۔
اگر کسی کو جن میں ملازمین، عہدیدار اور دیگر افراد شامل ہیں، احاطہ اسمبلی میں گٹکھا یا پان مسالہ استعمال کرتے ہوئے پایا جائے تو اُن پر ایک ہزار روپے جرمانہ اور قواعد کے مطابق ضروری کارروائی کی جائے گی۔ اسمبلی میں موجود بعض ارکان نے تجویز پیش کی کہ یہ مہنگائی کا زمانہ ہے اسی لئے جرمانہ کی رقم بڑھائی جانی چاہئے۔
مہانا نے ازراہئ مزہ کہا کہ زیادہ جرمانہ کا مطالبہ کرنے والے تمام معزز ارکان کے نام نوٹ کرلئے جائیں اگر یہ لوگ تھوکتے ہوئے پکڑے جائیں تو ان سے زیادہ جرمانہ وصول کریں گے۔ ان کے اس ریمارک پر اسمبلی ارکان نے قہقہہ لگایا۔