ملک کے موجودہ حالات میں مسلمان قنوت نازلہ کا اور نماز تراویح کے بعد خاص طور پر دعاؤں کا اہتمام کریں۔مسلم پرسنل لا بورڈ

نئی دہلی:۵؍مارچ ۲۰۲۵ء

حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صدرآل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ اور حضرت مولانا محمد فضل الرحیم مجددی جنرل سکریٹری بورڈ نے اپنے مشترکہ بیان میں پوری ملت اسلامیہ ہندیہ سے اپیل کی ہے کہ مسلمان اِس وقت اس ملک میں بہت ہی مشکل حالات سے گزر رہے ہیں، دستور کو بالائے طاق رکھ دیا گیا ہے، مسجدوں کی عمارتیں منہدم کی جارہی ہیں، مسلمانوں کے مکان کو بلڈوزر سے زمیں دوز کیا جا رہاہے اور اوقاف پر قبضہ کرنے کے لئے حکومت سازشیں کر رہی ہے، مسلمانوں کے خلاف جو جرائم ہوتے ہیں

 

اُن پرحکومت کوئی توجہ نہیں دیتی اور مسلمان اپنے آپ کو یکا وتنہا محسوس کر رہے ہیں اور اُن میں یہ احساس بجا طور پر پیدا ہو رہا ہے کہ حکومت اُن کو نہ صرف یہ کہ انصاف دینا نہیں چاہتی؛ بلکہ ظلم کو بڑھاوا دینا چاہتی ہے، ایسے حالات میں جب مسلمان ظلم سے دوچار ہوں، قنوت نازلہ پڑھنے کی سنت شریعت میں رکھی گئی ہے، خود حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بھی قنوت نازلہ پڑھی ہے؛ اس لئے تمام مسلمانوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ رمضان المبارک کے اس مہینہ میں قنوت نازلہ پڑھنے کا اہتمام کریں، یہ دعا فجر کی نماز میں پڑھنی چاہئے

 

فجر کی نماز میں دوسری رکعت میں رکوع سے پہلے یہ دعا پڑھی جائے اور ساتھ ہی ساتھ نماز تراویح کے بعد خصوصی دعا کا اہتمام کیا جائے؛ کیوں کہ اللہ تعالیٰ ہی مسبب الاسباب ہیں اور تمام پریشانیوں اور آفات وبلیات کو دور فرماتے ہیں، امید کہ مسلمان اس پر توجہ دیں گے۔

 

 

 

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *