مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، ایران کی شورائے نگہبان کے چیئرمین آیت اللہ احمد جنتی نے آج کونسل کے اجلاس میں شہدائے مقاومت کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ شہدائے مقاومت سید حسن نصر اللہ اور سید ہاشم صفی الدین کی عظیم الشان تشییع جنازہ ایک لازوال تاریخی حماسہ تھی۔
آیت اللہ جنتی نے مزید کہا کہ اس پرشکوہ تشییع جنازے نے ثابت کیا کہ عالمی مزاحمتی محاذ کے فرزند آج بھی اپنے ہیروز کے ساتھ کئے وہے وعدے پر ڈٹے ہوئے ہیں تاکہ باطل کے مقابلے میں حق کے محاذ کی آخری فتح کا مشاہدہ کر سکیں۔
انہوں نے اشارہ کیا کہ اس وفادار اور ثابت قدم موجودگی نے لبنانی عوام کے ارادے اور استقامت کی تصویر کشی کی اور یہ ثابت کیا کہ عالمی مزاحمتی محاذ کے شہداء کے پاکیزہ خون نے ایک شجرہ طیبہ کو سیراب کیا ہے جس کا پھل عالمی جبر و استکبار کی آخری شکست ہے۔
شورائے نگہبان کے چیئرمین نے کہا کہ وہ لوگ جو مختلف ہتھکنڈوں کے ذریعے اس تقریب کے انعقاد میں رکاوٹیں کھڑی کر رہے تھے، انہیں ایک عبرت ناک سبق ملا ہے کہ خدا کا وعدہ پورا ہو کر رہے گا اور نور الہی دشمنوں کی پھونکوں سے ہرگز خاموش نہیں ہوگا۔