جعلی تعویذ نے گھر اجاڑ دیا! ڈھونگی بابا کے دھوکے میں آ کر شہری کی ذہنی حالت بگڑ گئی۔ تلنگانہ کے عادل آباد میں واقعہ

عادل آباد سے خضر احمد یافعی کی رپورٹ

ریاست تلنگانہ کے عادل آباد میں ایک حیران کن واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک شہری نے محض اس یقین کے ساتھ جعلی بابا سے تعویذ لیا کہ اس کی تمام مشکلات حل ہو جائیں گی، لیکن نتیجہ اس کے برعکس نکلا۔ ڈی ایس پی عادل آباد جیون ریڈی اور ٹو ٹاؤن سی آئی کروناکر راؤ کی جانب سے پریس کانفرنس میں دی گئی تفصیلات کے مطابق خورشید نگر کے رہائشی شیخ اظہر الدین کی تقریباً ایک ماہ قبل مہاراشٹرا کے یاسین عرف “جناب ڈھونگی بابا” سے ملاقات ہوئی۔جو عادل اباد کے بنگاری گوڑہ میں رہتا ہے۔

 

 

ڈھونگی بابا عرف جناب نے شیخ اظہر الدین کو اپنی مکار باتوں میں الجھا کر یقین دلایا کہ اگر وہ اس سے تعویذ لے گا تو اس کی تمام پریشانیاں دور ہو جائیں گی۔ اس دھوکے میں آکر متاثرہ شخص نے 5,600 روپے دے کر دو تعویذ حاصل کیے جو بنگالی زبان میں لکھے گئے تھے۔ ڈھونگی بابا نے اسے ہدایت دی کہ وہ ان تعویذوں کو اپنے تکیے کے نیچے ایک ماہ تک رکھے اور اس کے بعد اس کی زندگی میں خوشحالی آ جائے گی۔

 

تاہم تعویذ رکھنے کے بعد حالات سنورنے کے بجائے مزید بگڑ گئے۔ شیخ اظہر الدین کے گھر میں لڑائی جھگڑے شروع ہو گئے اس کی ذہنی حالت خراب ہونے لگی یہاں تک کہ وہ اپنے ہی گھر کی اشیاء توڑنے اور اپنی بیوی پر حملہ کرنے لگا۔ جب معاملات حد سے تجاوز کر گئے تو بالآخر اس نے پولیس سے رجوع کرتے ہوئے شکایت درج کروائی۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈھونگی بابا کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

 

عادل آباد پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے خودساختہ عاملوں اور باباؤں کے فریب میں نہ آئیں جو روحانی حل کا جھانسہ دے کر معصوم لوگوں کو مالی اور ذہنی نقصان پہنچاتے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اگر کسی کو ایسے دھوکہ بازوں کے بارے میں معلومات ملیں، تو فوراً اطلاع دیں اور عوام کو چاہیے کہ وہ حقیقت اور دھوکے میں فرق کو پہچانیں۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *