تلنگانہ:مکان کی تعمیر کی کھدوائی کے دوران قدیم سکے برآمد

حیدرآباد: تلنگانہ کے نرمل ضلع میں مکان کی تعمیر کی کھدوائی کے دوران قدیم سکے برآمد ہوئے۔تفصیلات کے مطابق ضلع کے مدھول کے بوئیگلی گاوں میں مکان کی تعمیر کیلئے اراضی کی کھدوائی کا کام کیاجارہا تھا کہ مزدوروں نے اچانک قدیم سکے دیکھے جو کھدوائی کے دوران برآمد ہوئے۔

گذشتہ دو دنوں سے کھدوائی کا کام کیاجارہا تھا۔ایک مٹی کے برتن میں یہ چاندی کے سکے ملے۔ مزدوروں نے فوراً اس اراضی کے مالک ماروتی کو اطلاع دی جس نے پولیس کو چوکس کیا۔پولیس نے اس بات کی اطلاع ریونیوحکام کو دی۔

بعد ازاں یہ 96 سکے تحصیلدار کے حوالے کیے گئے۔ تحصیلدار نے کھدائی کے مقام کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کھدوائی کرنے والے مزدوروں کے ساتھ ساتھ گھر کے مالک ماروتی سے بھی بات کی اور تفصیلات حاصل کیں۔

انہوں نے وہاں پنچنامہ کیا ۔ تحصیلدار نے کہا کہ یہ سکے ضلع ہیڈ کوارٹر میں ڈی ٹی او آفس کے حوالے کیے جائیں گے۔اس بات کی اطلاعات ہیں کہ یہ سکے اورنگ زیب کے زمانہ کے ہیں تاہم اس کی توثیق نہیں ہوسکی۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *