زخمی حالت میں ہاسپٹل پہنچانے والے آٹو ڈرائیور سے سیف علی خان کی ملاقات۔ کیا اظہار تشکر
ممبئی: نامور فلم اداکارسیف علی خان کل ہاسپٹل سے ڈسچارج ہوکر گھر پہنچے۔گھر واپسی سے قبل انھوں نے اس آٹو ڈرائیور سے ملاقات کی جس نے انھیں زخمی حالت میں لیلاوتی ہاسپٹل پہنچایا تھا۔ ہاسپٹل میں ہوئی اس ملاقات کی تصویر اب سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سیف علی خان اب بہتر حالت میں ہیں اور انھوں نے صحت یاب ہونے کے بعد ہاسپٹل میں آٹو ڈرائیور بھجن سنگھ سے ملاقات کر کے ان کا شکریہ ادا کیا ۔
اس آٹو ڈرائیور نے سیف علی خان کو ہاسپٹل منتقل کیا تھا۔اپنے بیان میں آٹو ڈرائیور نے بتایا کہ انھیں تو پہلے پتہ ہی نہیں چلا کہ وہ سیف علی خان ہیں۔ بعد میں جب وہ ہاسپٹل پہنچے تو انھیں یہ بات معلوم ہوئی۔ اس وقت بھجن سنگھ نے سیف علی خان سے پیسے بھی نہیں لیے تھے لیکن اب انھیں اس انسانیت بھرے جذبہ پر انعامات مل رہے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ فلم انڈسٹری سے منسلک فیضان انصاری نے آٹو ڈرائیور کو 11 ہزار روپے بطور انعام دیے تھے، اور اب ’نواب صاحب‘ کے نام سے مشہور سیف علی خان بھی اس ڈرائیور پر مہربان دکھائی دے رہے ہیں۔ ایک خبر رساں ایجنسی نے بتایا کہ سیف نے آٹو ڈرائیور سے وعدہ کیا ہے کہ ان کو بقایہ کرایہ دیا جائے گا اور کبھی ضرورت پڑی تو ان کی مزید مدد کی جائے گی۔
بتایا جا رہا ہے کہ جب سیف علی خان نے آٹو ڈرائیور سے ملاقات کی تو اس وقت سیف کی ماں شرمیلا ٹیگور بھی وہاں موجود تھیں۔ انھوں نے بھی آٹو ڈرائیور کا شکریہ ادا کیا۔