نئی دہلی: دہلی کانگریس نے 5 فروری کو اسمبلی انتخابات سے قبل آج کہا کہ وہ مفت برقی کی ماہانہ حد کو 200 یونٹ سے بڑھاکر 300 یونٹ کردے گی اور 500 روپے میں پکوان گیس سلنڈر دے گی۔
اس کے علاوہ ماہانہ 6 کیلو چاول اور دیگر اشیائے ضروریہ بھی مفت دی جائیں گی۔ دہلی میں حکومت کی تبدیلی کی اپیل کرتے ہوئے چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی نے دارالحکومت کے رائے دہندوں کو بتایا کہ ان کی ریاست کی طرح کانگریس‘ دہلی میں بھی غریبووں کی فلاح و بہبود کے لئے تمام 5 گارنٹیوں کو پورا کرے گی۔
اے آئی سی سی دہلی کے انچارج قاضی نظام الدین اور دہلی کانگریس کے صدر دیویندر یادو کے ساتھ ایک پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے اس بات کو اجاگر کیا کہ شیلا دکشت کی حکومت کے تحت دہلی کو دی گئی میٹرو ٹرین اب سارے ملک کے لئے ایک ماڈل بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میں طویل ترین میٹرو ہے اور اسے کانگریس نے تعمیر کیا تھا۔
سی این جی سے چلائی جانے والی گاڑیوں کو فروغ دینے اور فلائی اوورس تعمیر کرنے شیلا دکشت حکومت کی پہل کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس کے اقتدار سے بے دخل ہوجانے کے بعد سے دہلی کی خراب حالت کو دیکھیں۔ اُس وقت سے اب تک اروند کجریوال 3 مرتبہ چیف منسٹر بن چکے ہیں اور وزیراعظم نریندر مودی کو بھی 3میعادیں ملی ہیں لیکن شہر کی صورتِ حال ابتر ہوتی گئی۔
دہلی میں زہریلی فضاء لوگوں کے لئے ایک خوفناک منظر ہے۔ اس کے باوجود کجریوال اور مودی جی محض کھوکھلے وعدے کرنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے قومی دارالحکومت کو ناکام بنادیا ہے۔ دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے کہا کہ دہلی میں تقریباً 17 لاکھ خاندان ہیں جو ہر مہینہ 500 روپے میں پکوان گیس سلنڈر سے مستفید ہوں گے۔ یادو نے کہا کہ تمام غریبوں کو ہر مہینہ ایک راشن کٹ مفت دی جائے گی جس میں 5 کیلو چاول‘ 2کیلو شکر‘ ایک لیٹر میٹھا تیل‘ 6 کیلو دالیں اور 250 کیلوگرام چائے کی پتی بھی دی جائے گی۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس کی وجہ سے خواتین کو راشن کا انتظام کرنے کی فکر کرنے کے بجائے اپنے بچوں کی تعلیم پر توجہ دینے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اپنی پانچوں گارنٹیاں پوری کرے گی جیسا کہ اس نے تلنگانہ میں کیا ہے۔ نئی کانگریس حکومت کے پہلے کابینی اجلاس میں غریبوں کی فلاح و بہبود کے لئے تجاویز کو منظوری دی جائے گی۔
انہوں نے رائے دہندوں کو دہلی کانگریس کی گارنٹیوں کی بھی یاددہانی کرائی کہ خواتین کو ماہانہ 2500 روپے مالی امداد دی جائے گی۔ تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کو ماہانہ 8500 روپے کی مالی انٹرن شپ اور دہلی کے عوام کو 25 لاکھ روپے کا ہیلت انشورنس دیا جائے گا۔ دہلی اسمبلی انتخابات میں 70 رکنی ایوان کو منتخب کیا جائے گا۔ 5 فروری کو ووٹنگ ہوگی اور 8 فروری کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔ گزشتہ اسمبلی میں کانگریس کا کوئی رکن نہیں تھا۔