خاتون نے ہاسپٹل کے باہر بچی کو جنم دیا

[]

جئے پور: جئے پو رمیں ایک خاتون نے ایک ہاسپٹل کی مین گیٹ کے باہر بچی کو جنم دیا کیونکہ دواخانہ کے ارکان ِ عملہ نے اسے شریک کرنے سے انکار کردیا تھا۔

یہ واقعہ چہارشنبہ کی رات اس وقت پیش آیا جب اسٹاف نے اسے دوسرے ہاسپٹل جانے کا مشورہ دیا اور ایمبولنس کا بھی انتظام نہیں کیا۔ اس خاتون نے جو شدید دردزہ میں مبتلا تھی‘ ہاسپٹل کی گیٹ کے سامنے ہی لڑکی کو جنم دے دیا۔

ہاسپٹل کے باہر بڑا ہجوم جمع ہوگیا جس کے بعد ارکان ِ عملہ نے خاتون کو فیمیل وارڈ میں منتقل کردیا۔ ذرائع کے مطابق اشوک ورما اپنی بیوی کو دردزہ ہونے پر کنواتیا ہاسپٹل لے گیا تھا۔

ڈاکٹروں نے معائنہ کرنے کے بعد اسے زنانہ ہاسپٹل جانے کا مشورہ دیا۔ ورما نے ان سے التجا کی کہ وہ اسے ہاسپٹل میں شریک کرلیں لیکن ارکان ِ عملہ نے بے دردی کے ساتھ اس کی درخواست مسترد کردی جس کے بعد بحث و تکرار شروع ہوگئی۔

بعدازاں ارکان ِ عملہ نے اسے ہاسپٹل کے احاطہ سے باہر نکل جانے اور زنانہ ہاسپٹل جانے کے لئے کہا۔ اسٹاف نے خاتون کی نہ تو مدد کی اور نہ ہی اس کے لئے ایمبولنس کا انتظام کیا۔

ہاسپٹل سے باہر نکلتے ہی خاتون نے عمارت سے متصل پلیٹ فارم (چبوترہ) پر ایک لڑکی کو جنم دیا۔ سیول لائنس کے رکن اسمبلی گوپال شرما اطلاع ملتے ہی ہاسپٹل پہنچ گئے اور سپرنٹنڈنٹ راجندر سنگھ تنور سے ملاقات کی اور اسٹاف کے رویہ پر ان کی سرزنش کی۔

انہوں نے متاثرہ کے خاندان سے بھی ملاقات کی اور اسے ہر ممکن مدد کا تیقن دیا۔ ایڈیشنل چیف سکریٹری شبھرا سنگھ نے بھی عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اس معاملہ کی تحقیقات کریں۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *