[]
حیدرآباد: ریاستی وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کالیشورم پروجیکٹ کے چیف انجینئر کے چندرا شیکھر راو ہیں اور ان کے ڈیزائن پر بنایا گیا یہ پروجیکٹ ناقص ثابت ہوا ہے۔ آج یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کالیشورم پروجیکٹ کی تعمیر کے لیے لایا گیا قرض کے سی آر اور کے ٹی آر کو ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ غیر قانونی طریقہ کمائی ہوئی دولت حکومت کو واپس کر دیا جانا چاہیے تاکہ قرض ادا کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ دس سالوں میں پروجیکٹس کی تعمیر صرف کمیشن کے لیے کی گئی، حصول آب حکومت کا مقصد ہی نہیں رہا۔
انہوں نے واضح کیا کہ کالیشورم پروجیکٹ کی تعمیر میں بدعنوانی پر ویجلنس اور سی اے جی کی رپورٹ کی بنیاد پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔ جمعہ کو وزیر نے سکریٹریٹ میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کی تھی انہوں نے الزام لگایا کہ گزشتہ دس سالوں میں فی کس قرض دس گنا بڑھ گیا ہے۔
اتم کمار ریڈی نے کہا کہ وہ دہلی جائیں گے اور مرکزی آبی وسائل کے محکمے کے عہدیداروں سے ملاقات کرتے ہوے رپورٹ ان کے حوالہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی ایس اے کی رپورٹ آنے کے بعد اس کی بنیاد پر بیاریجس کی مرمت اور بحالی کا کام شروع کیا جائے گا۔
موسم برسات سے پہلے تمام مرمتی کام مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 21 اکٹوبر کو بیارج ٹوٹ گیا تھا مگر کے سی آر نے اس واقعہ کے بارے میں 7 دسمبر تک کوئی بات نہیں کی۔