پٹنہ: بہار پبلک سروس کمیشن (بی پی ایس سی) کے 70ویں پی ٹی امتحان کو منسوخ کرنے کی مانگ کے تعلق سے بھوک ہڑتال پر بیٹھے جن سوراج کے لیڈر پرشانت کشور کو آج صبح گرفتار کر لیا گیا ہے۔
بی پی ایس سی کا 70 واں پی ٹی امتحان 13 دسمبر 2024 کو منعقد ہوا تھا۔
امیدواروں نے کہا تھا کہ پٹنہ کے باپو امتحانی مرکز میں منعقدہ امتحان کا پیپر اسی دن لیک ہو گیا تھا۔
کمیشن نے بھی بے ضابطگیوں کو قبول کیا تھا اور باپو امتحانی مرکز میں دوبارہ امتحان منعقد کرنے کو کہا تھا۔
اسی دن پٹنہ کے ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر چندر شیکھر سنگھ نے ایک احتجاج کررہے ایک امیدوار کو تھپڑ مار دیا تھا۔
اس کے بعد معاملہ بڑھ گیا اور امیدوار گردنی باغ میں ہڑتال پر بیٹھ گئے۔ اس کے بعد دو بار مظاہرین پر لاٹھی چارج ہوا اور اس معاملے نے سیاسی زور پکڑ لیا۔
پرشانت کشور، تیجسوی یادو، پپو یادو سمیت تمام اپوزیشن لیڈر امیدواروں کی حمایت میں سامنے آئے۔
بی پی ایس سی امتحان میں بے ضابطگیوں کے خلاف مسٹر کشور جمعرات 2 جنوری سے گاندھی میدان میں گاندھی جی ک ے مجسمہ کے پاس غیر معینہ مدت کے لیے بھوک ہڑتال پر بیٹھے تھے۔
ان کے ساتھ بی پی ایس سی کے امیدوار اور جن سوراج کے کئی لوگ بھی احتجاجی مقام پر بیٹھے ہوئے تھے۔
مسٹر کشور نے کہا تھا کہ جب تک بچوں کو انصاف نہیں مل جاتا وہ بھوک ہڑتال پر بیٹھے رہیں گے۔
پٹنہ ضلع انتظامیہ نے کہا تھا کہ جن سوراج پارٹی کے لیڈر پرشانت کشور کا ایک ممنوعہ اور غیر مجاز جگہ پر بغیر اجازت احتجاج کرنا غیر قانونی اور قائم روایت کے خلاف ہے۔
بہار پولیس نے مسٹر کشور کو صبح 4 بجے گاندھی جی کے مجسمے کے پاس سے گرفتار کر لیا، مسٹر کشور نے کہا ہے کہ وہ علاج سے انکار کر دیں گے اور اپنی بھوک ہڑتال جاری رکھیں گے۔
پٹنہ ضلع انتظامیہ نے کہا ہے کہ مسٹر کشور اور ان کے حامیوں سے بار بار اپیل کی گئی کہ وہ گاندھی میدان میں احتجاج نہ کریں۔
انہیں احتجاجی مقام چھوڑنے کے لیے مناسب وقت دیا گیا۔
جب وہ نہ مانے تو گاندھی میدان تھانے میں ان کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کر لیا گیا۔
مسٹر کشور کے حامیوں نے پولیس کی کارروائی کے خلاف احتجاج کیا۔
تاہم سیکورٹی اہلکار مسٹر کشور کو ایمبولینس میں لے گئے۔
پولیس نے بتایا کہ مسٹر کشور کو آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
اس دوران بی پی ایس سی امتحان کے معاملے پر مہا گٹھ بندھن نے آج بہار میں احتجاجی مارچ نکالنے کا اعلان کیا ہے، جس میں گٹھ بندھن کے نوجوان اور طلبا اکائی کی شراکت رہے گی۔