[]
ریاض ۔ کے این واصف
ہندوستانی وزیر برائے بہبود خواتین و اطفال اور اقلیتی امور مسز اسمتی ایرانی دو روز قبل دو اہم اجلاسوں میں شرکت کی غرض سے ایک وفد کے ہمراہ جدہ پہنچیں تھیں۔سعودی وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے اتوار کو جدہ میں ہندوستان کی اقلیتی امور کی وزیر اسمرتی ایرانی سے ملاقات کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ملاقات کے دوران ہند، سعودی کے درمیان دوطرفہ حج معاہدے پر دستخط کیے گئے۔اس دورے میں اسمرتی ایرانی کے ہمراہ مملکتی وزیر وزارت خارجہ وی مرلیدھرن بھی ہیں۔ اسمرتی ایرانی نے اپنے ایکس اکاونٹ پر کہا کہ دونوں وزرا نے باہمی دلچسپی کے دیگر امور کے ساتھ تمام عازمین حج کی فلاح وبہبود کو یقینی بنانے کےلیے طبی سہولتوں کو بہتر بنانے کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔
حج معاہدے پر دستخط کے موقع پر وی مرلی دھرن، سعودی عرب میں ہندوستان کے سفیر ڈاکٹر سہیل اعجاز خان، قونصل ہند محمد شاہد عالم اور دونوں ممالک کے عہدیدار بھی موجود تھے۔