قم المقسہ ایران:
فقیہ محقق آیت اللہ سیفی مازندرانی کا اہل ھند کو سلام و پیام:
فخر الدین علی احمد میموریل شعبۂ لسانیات اترپردیش کے چیئرمین جناب سید صغیر احمد تورج زیدی نے اپنے زیارتی سفر میں اسلامی رہنما حضرت آیت اللہ سیفی مازندرانی سے ملاقات کی،
واضح رہے کہ حضرت آیت اللہ سیفی مازندرانی ایران اور بین الاقوامی سطح پر ایک محقق و مفکر کی حیثیت سے اپنی خاص شناخت رکھتے ہیں
حوزوی و غیر حوزوی موضوعات پر ایک سو ساٹھ سے زیادہ کتابوں کے مصنف حضرت آیت اللہ سیفی مازندرانی نے جناب تورج زیدی صاحب سے گفتگو کے درمیان ملک عزیز ھندوستان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ھندوستان ایک تاریخی ملک ہے اور مختلف مذاھب کے باوجود یہاں آپسی اتحاد یقینا قابل قدر ہے
حضرت آیت اللہ سیفی نے آئے ہوئے مہمانوں سے خطاب کرتے ہوئے قرآنی اور اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی تاکید کی اور کہا کہ ہمارا اسلام آپسی اتحاد پر زور دیتا ہے اس لئے ھندوستان ہی نہیں بلکہ جہاں جہاں بھی مسلمان رہتے ہیں ان کو اس انداز سے زندگی گزارنا چاہئے کہ دوسرے مذاھب ان کی دینداری، امانت داری اور ھمدردی کی گواھی دیں
جناب تورج زیدی صاحب نے اس سفر میں آیت اللہ سیفی سے ملاقات کو اپنے لئے خوش نصیبی جانتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور ان سے اپنے ملک کی سلامتی و ترقی کی دعاؤں پر تاکید کی۔
موصوف نے بھی ھندوستان کے تمام مسلمانوں کو سلام کے پیغام کے ساتھ ان کے حق میں خاص دعائیں کیں۔
اس موقع پر ھندوستان سے تشریف لائے بعض زائرین کے ہمراہ کاروان نور کے بانی جناب نہال حیدر صاحب بھی موجود تھے۔
اسی دفتر میں ھندوستانی طلاب کے نمائندے جناب مولانا سید شفیع حیدر نے اس ملاقات کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے مترجم کی حیثیت سے شرکت فرمائی