
نئی دہلی : نیٹ یو جی امتحان کے پیپر لیک معاملے کے پیش نظر مرکزی حکومت نے 21 جون کو دوبارہ امتحان کے انعقاد کو شفاف بنانے کے لئے سخت اقدامات کیے ہیں۔ اسی سلسلے میں مشہور میسجنگ ایپ ٹیلی گرام پر عارضی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق نیٹ ری ٹیسٹ 21 جون کو منعقد ہوگا، جبکہ ٹیلی گرام پر پابندی 22 جون تک نافذ رہے گی۔ یہ فیصلہ نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی کی سفارش پر لیا گیا ہے تاکہ امتحان کے دوران کسی بھی قسم کی بدعنوانی یا غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
مرکزی حکومت نے ٹیلی گرام کو یہ بھی ہدایت دی ہے کہ وہ بھارت میں 30 جون تک میسج ایڈیٹنگ فیچر غیر فعال رکھے۔ این ٹی اے کے مطابق بعض عناصر اس فیچر کا استعمال کرتے ہوئے پرانے پیغامات میں تبدیلی کرکے پیپر لیک سے متعلق شواہد اور ملزمین کے سراغ کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
این ٹی اے نے بتایا کہ سوالیہ پرچہ حاصل ہونے کا جھوٹا دعویٰ کرنے والے متعدد چینلز، گروپس اور بوٹس پہلے ہی حذف کئے جا چکے ہیں، تاہم امتحان کی سالمیت برقرار رکھنے کے لیے مزید سخت اقدامات ضروری سمجھے گئے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ اگرچہ اس پابندی سے عام صارفین کو کچھ دشواری کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، لیکن ملک کے اہم ترین داخلہ امتحانات میں سے ایک نیٹ کی شفافیت اور اعتبار کو یقینی بنانے کے لیے یہ اقدام ناگزیر ہے۔

