
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی وزارت انٹیلیجنس نے ایک اعلامیے میں کہا ہے کہ موساد سے وابستہ دو دہشت گرد نیٹ ورکس کو تباہ کر دیا گیا جبکہ ایک دہشت گرد مسلح جھڑپ میں مارا گیا۔
وزارت انٹیلیجنس کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ایرانی انٹیلیجنس اہلکاروں کی خفیہ کارروائیوں اور عوامی اطلاعات کی مدد سے صہیونی رژیم کی خفیہ ایجنسی موساد سے وابستہ دو آپریشنل سیلز کے عناصر کو ملک کے 6 صوبوں میں گرفتار کیا گیا۔ اس کے علاوہ ایک ایسا ایجنٹ بھی گرفتار کیا گیا جو ایک فوجی مرکز کی خفیہ معلومات ملک سے باہر منتقل کرنا چاہتا تھا۔
بیان کے مطابق مغربی آذربائیجان صوبے میں موساد سے وابستہ چار رکنی آپریشنل ٹیم کو دہشت گرد کارروائی سے پہلے ہی گرفتار کر لیا گیا۔ یہ گروہ موساد سے مالی معاونت حاصل کر کے مغربی آذربائیجان اور تہران میں حساس مراکز، سرکاری مقامات اور ایک شخصیت پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔
وزارت انٹیلیجنس نے بتایا کہ کارروائی کے دوران ملزمان نے مسلح مزاحمت کی، جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہو گیا جبکہ مزید تین افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ کرمان اور البرز صوبوں میں بھی صہیونی رژیم کے ایک اور دہشت گرد نیٹ ورک کو بے نقاب کیا گیا، جو ایرانی فوجی اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی تیاری کر رہا تھا۔
اس نیٹ ورک کے تین ارکان کو گرفتار کیا گیا جبکہ ان کے ٹھکانوں سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور جاسوسی آلات برآمد کیے گئے۔
برآمد شدہ سامان میں تین چھوٹے ڈرون، ان کی نقل و حمل کے لیے مخصوص گاڑی، سائلنسر والی تین پستولیں، ایک ونچسٹر رائفل، ایک اسنائپر رائفل، بڑی مقدار میں گولہ بارود، طویل فاصلے تک کام کرنے والے وائرلیس سیٹس، اسٹارلنک ریسیور اور بلٹ پروف جیکٹس شامل ہیں۔
وزارت انٹیلیجنس کے مطابق قزوین صوبے میں ایک شخص کو بھی گرفتار کیا گیا، جو ایک فوجی مرکز کی خفیہ معلومات ملک سے باہر منتقل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔
بیان میں کہا گیا کہ مذکورہ شخص کو شمالی سرحدی علاقے میں گرفتار کیا گیا اور اس کی کارروائی کو بروقت ناکام بنا دیا گیا۔
وزارت انٹیلیجنس نے آخر میں عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع فوری طور پر وزارت اطلاعات کے ہیلپ لائن نمبر 113 یا سرکاری سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے فراہم کی جائے۔
