الخیر سوسائٹی کے تعاون سے میدک میں جدید کمپیوٹر ٹریننگ سنٹر کا افتتاح
میدک: ( 10 مئی اردو لیکس نیوز)(سید عریب بن عمر محی الدین) الخیر سوسائٹی کی جانب سے اہلِ خیر کے تعاون سے شہر میدک میں واقع عاشور خانہ چمن و مدرسہ روضۃ العلوم میں ایک بڑے پیمانے پر کمپیوٹر ٹریننگ سنٹر قائم کیا گیا، جس کا افتتاح ایک پروقار تقریب کے دوران عمل میں آیا۔
اس افتتاحی تقریب میں مہمانِ خصوصی کے طور پر الخیر سوسائٹی کے سیکریٹری جناب منیر الدین شریک ہوئے، جبکہ میدک میونسپل چئیرپرسن شریمتی کے رادھیکا بھوپتی راج، وائس چئیرمین مسٹر ڈی نریش گوڈ، مقامی کونسلرز محمد غوث قریشی اور محمد منصور احمد نے بھی شرکت کی۔
تقریب میں جماعت اسلامی ضلع کے معاون ناظم میر ظفر اللہ طاہر، مجلسی صدر سید عشرت علی عرف صفی، مسجد ولی شاہ کے معتمد محمد مجیب الدین، سابق کوآپشن ممبر سید عمر محی الدین، مولانا میر عابد علی ندوی، محمد یونس، سید سعادت حسین ذکی سمیت دیگر معززین اور خواتین کی بڑی تعداد موجود رہی۔
پروگرام کی نظامت جناب سید عزیز احمد، ڈائریکٹر خدمت میکس میدک نے انجام دی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ موجودہ دور میں کمپیوٹر کی تعلیم بے حد ضروری ہوچکی ہے اور جو نوجوان جدید ٹیکنالوجی سے واقف نہیں ہوگا وہ زمانے کی دوڑ میں پیچھے رہ جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ الخیر سوسائٹی کی جانب سے کمپیوٹر اور ٹیلرنگ ٹریننگ سنٹرس کے ذریعہ نوجوانوں کو ہنرمند بنایا جارہا ہے اور اس وقت تقریباً 50 ہزار طلبہ و طالبات مختلف کورسس کے ذریعہ تربیت حاصل کررہے ہیں۔
مقررین نے میدک کے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں سے اپیل کی کہ وہ کمپیوٹر اور ٹیلرنگ ٹریننگ سنٹرس سے بھرپور استفادہ کریں۔ لڑکیوں کیلئے صبح 9 بجے تا 11 بجے اور لڑکوں کیلئے شام 4 بجے تا 6 بجے کلاسس کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔ صرف 200 روپئے کی معمولی فیس کے ذریعہ رجسٹریشن کروایا جاسکتا ہے جبکہ کورس مکمل ہونے پر سرٹیفکٹ بھی فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ٹریننگ مکمل کرنے کے بعد نوجوان اپنی ذاتی کاروباری سرگرمیوں کے آغاز کیلئے خدمت میکس میدک کے ذریعہ بزنس لون بھی حاصل کرسکتے ہیں۔
آخر میں جناب سید عزیز احمد نے الخیر سوسائٹی حیدرآباد کے تمام ذمہ داران، معاونین اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تیقن دیا کہ مقامی سطح پر ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔


