[]
احمدآباد: گجرات ہائی کورٹ نے چہارشنبہ کے روز سماجی کارکن تیستاسیتلواد کی جانب سے داخل کی گئی ایک درخواست پر ریاستی حکومت کو نوٹس جاری کردی۔
سیتلواد نے اس درخواست کے ذریعہ سٹی کرائم برانچ کی جانب سے ان کے خلاف 2002 کے فسادات کیس میں من گھڑت ثبوت تیار کرنے کے الزام میں درج کی گئی ایف آئی آر کو کالعدم کرنے کی گزارش کی تھی۔
جسٹس جے سی دوشی کی عدالت نے اس کیس میں ریاستی حکومت اور تحقیقاتی عہدیدار کو نوٹسیں جاری کردیں جو 29 نومبر تک قابل واپسی ہیں۔ عدالت نے جاریہ کیس میں مقدمہ کو روکتے ہوئے عبوری راحت دینے سیتلواد کی درخواست پر ریاستی حکومت کو ایک اور نوٹس بھی جاری کی۔ یہ بھی اسی تاریخ تک قابل واپسی ہے۔
عدالت نے تحقیقاتی عہدیدار کو ہدایت دی کہ وہ تحقیقات میں پیشرفت کے بارے میں رپورٹ داخل کریں اور درخواست گزار کو اجازت دی کہ وہ حلف نامہ کی شکل میں اضافی دستاویزات پیش کریں۔
ایک سیشن عدالت نے اس کیس میں سیتلواد کی ڈسچارج کی درخواست کو مسترد کردیا تھا جبکہ سپریم کورٹ نے انہیں جاریہ سال جولائی میں ہی ضمانت منظور کی تھی۔ گجرات ہائی کورٹ نے انہیں راحت دینے سے انکار کردیا تھا۔
سیتلواد اور دیگر 2 افراد سابق ریاستی ڈائرکٹر جنرل پولیس آربی سری کمار اور سابق انڈین پولیس سروس آفیسر سنجیو بھٹ کو سٹی کرائم برانچ نے جون 2022 میں جعلسازی اور حکومت گجرات کے عہدیداروں بشمول اس وقت کے چیف منسٹرنریندرمودی کو 2002 کے فسادات کیس میں ملوث کرنے من گھڑت ثبوت تیار کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا تھا۔