[]
اقوام متحدہ: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے انسانی بنیادوں پرغزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کردیا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ غزہ میں بلا رکاوٹ امداد کی فراہمی کا اختیار دیا جائے۔
انہوں نے فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس سے یرغمالیوں کو فوری رہا کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ اس سے قبل غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے شکار فلسطینیوں کیلئے فوری انسانی امداد پر زور دیتے ہوئے اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ غزہ میں پینے کا پانی ختم ہوچکا ہے، بچے گندا پانی پینے پر مجبور ہیں۔
اقوام متحدہ کے مطابق غزہ میں لوگ اگر اسرائیلی فوج کے حملوں سے نہيں مرے تو آلودگی اور وبائی امراض سے مر جائيں گے۔
ادھر اسرائیلی بمباری کے شکار غزہ میں امدادی سامان کے قافلے آج داخل ہوں گے، پہلے قافلے میں بیس ٹرک شامل ہیں جبکہ 100 ٹرک قطار میں موجود ہیں۔
پاکستان کی جانب سے فلسطینی عوام کی امداد کیلئے پاک فوج اوراین ڈی ایم اے کی امدادی اشیا کی پہلی کھیپ اسلام آباد سے مصر روانہ کردی گئی ہے جہاں رفح کراسنگ کھلنے کے بعد امدادی اشیا غزہ میں داخل ہو سکیں گی۔