حیدرآباد ۔سائبر مجرمین نت نئے طریقہ سے جرائم کرتے ہوئے کئی افراد کے بینک کھاتوں سے رقم کی چوری کر رہے ہیں۔ تازہ طور پر وہ مبارکبادی پیغامات کے بہانے لنکس بھیج کر بھی زادہ لوح شہریوں کو ٹھگ رہے ہیں۔ نئے سال کی تقریبات کے دوران اس قسم کے جرائم میں اضافہ ہو رہا ہے، اس لیے عوام کو چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔
سائبر کرائم پولیس نے خبردار کیا ہے کہ سائبر مجرم مختلف ایپ فائلز اور میلویئر لنکس کے ذریعہ واٹس ایپ پر نئے سال کی مبارکباد کے کارڈس بھیج رہے ہیں۔ ان کارڈس کو حاصل کرنے کے لیے نیچے دیے گئے لنک پر کلک کرنے کا پیغام بھیجا جا رہا ہے۔
پولیس نے مشورہ دیا ہے کہ ایسے لنکس پر توجہ نہ دیں کیونکہ ان سے فون کے ہیک ہونے کا خطرہ ہے اور موبائل میں موجود ڈیٹا، تصاویر، فون نمبرات اور بینک کھاتے کی تفصیلات مکمل طور پر سائبر مجرمین کے ہاتھوں میں جا سکتی ہیں۔ پولیس نے زور دیا ہے کہ نامعلوم نمبروں سے آنے والے لنکس پر ہرگز کلک نہ کریں۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ہوشیار رہیں اور کسی بھی مشکوک لنک پر کلک کرنے سے گریز کریں۔