پرامن، شفاف الیکشن کا انعقاد ضروری: کمشنر پولیس سندیپ شنڈالیہ

[]




حیدرآباد: سٹی کمشنر پولیس سندیپ شنڈالیہ کی نگرانی پولیس کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ یہ اجلاس آنے والے انتخابات کے سلسلہ میں منعقد ہوا۔

اس اجلاس میں سٹی کمشنر پولیس سندیپ شنڈالیہ نے سختی سے کہہ دیا کہ پولیس عہدیدار کسی بھی قسم کی لاپروائی نہ کریں ورنہ سخت کارروائی کی جائے گی۔ اجلاس میں طئے کیا گیا کہ پولیس اسٹیشنوں کو A‘ B‘ C زمرہ میں تقسیم کیا جائے گا۔

پیسہ‘ شراب‘ ڈرگس‘ گانجہ اور قیمتی ومفت اشیاء کی تقسیم پر مثالی انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر مقدمات درج کئے جائیں گے۔ ناقابل ضمانت وارنٹ پر عمل آوری‘ روڈی شیٹرس اور غیر سماجی عناصر کو پابند کیا جائے اور ہتھیار ڈپازٹ کروانا ہوگا۔ حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر پولیس کڑی نظر رکھے گی۔

آنے والے انتخابات میں پوری طرح امن بحال رکھنا ضروری ہوگا۔ تمام پولیس عہدیداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ انتخابات میں امن کو برقرار رکھیں۔ سٹی کمشنر پولیس سندیپ شنڈالیہ نے تمام عہدیداروں کو اسمبلی کے انتخابات میں غیر جانبدارانہ پرامن اور شفاف انداز میں انتخابات میں فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت دی۔

گزشتہ 15 دن کی ٹاسک فورس کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر نے 90 فلائنگ اسکواڈ کو سرگرم ہوجانے کا حکم دیا۔ اس اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر پولیس وکرم سنگھ مان‘ ایڈیشنل کمشنر اسپیشل برانچ پی ویشوا پرشاد کے علاوہ تمام ڈپٹی کمشنران‘ اسسٹنٹ کمشنران اور انسپکٹران موجود تھے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *