حیدرآباد: حکومت تلنگانہ نے فلم اسٹار رام چرن کی ”گیم چینجر“ فلم کے اضافی شوز اور ٹکٹ کی قیمتوں میں اضافہ کے احکام کو واپس لے لیا ہے۔
حکومت نے عوامی مفاد کے تحت صبح کے شوز کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہائی کورٹ کی ہدایت کے بعد ریاستی حکومت نے ہفتہ کے روز یہ احکام جاری کئے۔
فلم پروڈیوسرس کی اپیل پر حکومت نے 8 جنوری کو احکام جاری کرتے ہوئے 10 جنوری (فلم کی ریلیز کے دن) کو 4بجے صبح اضافی شو کی انتظامی منظوری دی تھی اس کے ساتھ حکومت نے ملٹی پلکسس اور دیگر تھیٹروں میں فلم ٹکٹ کی قیمتوں میں بالترتیب 100 روپے اور 50 روپے اضافہ کرنے کی بھی اجازت دی تھی۔
پشپا ٹو فلم کے پریمیر شو کے دوران شہر کی سندھیا تھیٹرکے بھگدڑ واقعہ جس میں ایک خاتون ہلاک اور اس کا کمسن بیٹا زخمی ہوگیا تھا جس کے بعد اضافی شوز اور فلم کے ٹکٹوں کی شرحوں میں اضافہ کا مسئلہ موضوع بحث بن گیا تھا۔
چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اسمبلی میں بیان دیتے ہوئے کہا تھاکہ کانگریس حکومت، ریاست بھر میں کسی بھی صورت میں اضافی شوز اور ٹکٹ کی قیمتوں میں اضافہ کی اجازت نہیں دے گی تاہم حکومت نے اپنے موقف سے انحراف کرتے ہوئے ”گیم چینجر“ کے اضافی شوز اور ٹکٹ کی شرحوں میں اضافہ کی اجازت دی تھی۔
اس فلم کے پروڈیوسر دل راجو ہیں جو تلنگانہ فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے صدرنشین ہیں، ریاستی حکومت کے فیصلہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ستیش کمار اور جی بھرت راج نے ہائی کورٹ میں عرضیاں داخل کی تھیں جس پر ہائی کورٹ نے آج حکومت کو فیصلہ پر نظر ثانی کا حکم دیا تھا جس کے بعد حکومت نے احکام سے دستبرداری اختیار کرلی۔