ونڈے ورلڈکپ کی روایت برقرار۔بمراہ اور محمد سراج کی شاندار بولنگ

[]




احمدآباد: جسپریت بمراہ اور محمد سراج کی شاندار بولنگ کے بعد کپتان روہت شرما اور شریاس ایئر کی نصف سنچریوں کی مدد سے ہندوستان نے ورلڈکپ کے 12 ویں میاچ میں روایتی حریف پاکستان کو 7 وکٹ سے شکست دے دی۔

ہندوستان کو جیت کیلئے 198 رنوں کی ضرورت تھی جو اس نے 3 وکٹ کھوکر بنالئے۔

دو میاچ کے بعد واپسی کرنے والے شبھمن گل صرف 16 رن بناکر آؤٹ ہوئے جس کے بعد سابق کپتان ویراٹ کوہلی بھی 3 چوکوں کی مدد سے 16 رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔ ہندوستان نے 79 رن پر اپنے دو وکٹ گنوادیئے جس کے بعد کپتان روہت شرما اور شریاس ایئر نے تیسری وکٹ کیلئے 77 رنوں کی شراکت داری کے ذریعہ ٹیم کی کامیابی کو یقینی بنایا۔

کپتان روہت 63 گیندوں میں 6 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 86 رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ شریاس ایئر نے بھی شاندار بیاٹنگ کرتے ہوئے 62 گیندوں میں تین چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 53 اور کے ایل راہول 19 رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 2 جبکہ حسن علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں پہلے بیاٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی ٹیم 197 رن بناکر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستانی ٹیم ایک موقع پر 155/2 کے ساتھ مضبوط موقف میں تھی تاہم بابراعظم کے آؤٹ ہوتے ہی پوری ٹیم تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئی۔ بابر نے پاکستان کیلئے سب سے زیادہ 50 رن بنائے جس میں سات چوکے شامل ہیں۔

دیگر کھلاڑیوں میں محمد رضوان 49‘ امام الحق 36‘ عبداللہ شفیق 20 اور حسن علی 12 رن بنانے میں کامیاب رہے۔ دیگر کوئی بھی بلے باز دوہرے ہندسے کو عبور نہیں کرپایا۔

ہندوستان کی جانب سے میان آف دی میاچ بمراہ‘ سراج‘ پانڈیا‘ کلددیپ اور جڈیجہ نے 2,2 وکٹ حاصل کئے۔ جاریہ ورلڈکپ میں ہندوستانی ٹیم کا آئندہ میاچ 19 اکتوبر کو بنگلہ دیش سے جبکہ پاکستان کا آئندہ مقابلہ 20 اکتوبر کو آسٹریلیا سے ہوگا۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *